داتا دربار، ڈبل شاہ کی انتظامیہ سے ملی بھگت، افسران، ملازمین سے کروڑوں کا فراڈ

لاہور (اپنے نمائندے سے) اوقاف داتا دربار میں ڈبل شاہ کی انتظامیہ سے ملی بھگت، سرکاری دفاترز میں شہریوں اور دربار افسران وملازمین سے کروڑوں روپے کا فراڈ، اوقاف افسران و ملازمین کی بلیک منی کو وائٹ کرنے کی خاطر بزنس میںکروڑوں روپے کی خطیر رقم خرچ، تنخواہ سے زائد اور اثاثہ جات کی تحقیقات کرنے کی بجائے انتظامیہ اور دیگر تحقیقاتی اداروں کی پر اسرار خاموشی ۔تفصیلات کے مطابق داتا دربار انتظامیہ کی جانب سے ایک سال قبل سرکاری دفاترز کو نجی شخص ڈبل شاہ عثمان نامی شخص کو استعمال کرنے کی اجازت دے رکھی تھی جس میں اس کی طرف سے کاروبار کرنے کے نام پر پہلے مرحلہ میں اوقاف داتا دربار کے افسران اور ملازمین کو منافع بخش کاروبار کرنے کے نام پر کروڑوں روپے کی سرمایہ کاری کرنے کا آغاز کیا گیا جس میں سابق داتا دربار ایڈمنسٹریٹرز سمیت موجودہ افسران اور ملازمین کی جانب سے بلیک منی کو وائٹ کرنے کی منصوبہ بندی اختیار کی گئی عثمان المعروف ڈبل شاہ نے ایک لاکھ روپے پر 16ہزار روپے منافع کی ادائیگی کرنے سے ابتدا کی اور ایک کروڑ کے ساتھ 16لاکھ روپے منافع کی پیش کش کی گئی جس پر داتا دربار کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، منیجرز اکاﺅنٹ سٹاف ،نگران اور سیکورٹی ملازمین کی طرف سے کروڑوں روپے کی سرمایہ کاری ہوئی جو کہ ان ملازمین کی تنخواہ سے زائد سے رقم تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈبل شاہ کو داتا دربار کے دفاتر میں ہی کاروبار کرنے کی خاطر دفتر فراہم کیا گیا تھا جس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ڈبل شاہ نے داتا دربار کے اطراف کے کاروباری افراد سے بھی سرمایہ کاری کروائی داتا دربار کی اہمیت کا بھرپور فائدہ اٹھایا گیا۔ داتا دربار افسران نے بلیک منی کو وائٹ کرنے کےساتھ ساتھ منافع کی لالچ میں قریبی رشتہ داروں اور دوست احباب کو بھی ڈبل شاہ کے ساتھ سرمایہ کاری کرکے رقم کو ڈبل کرنے کا مشورہ دیا ایک سال تک عثمان المعروف ڈبل شاہ کی طرف سے داتا دربار اوقاف افسران و ملازمین سرمایہ کاروں کو انکے رشتہ داروں سمیت ان کو عمرے کروائے جاتے رہے۔ اس کاروبار میں لاہور ہیڈ آفس کے اعلی انتظامی امور کے افسران اور سابق ایڈمنسٹریشن کے افسر کی بھی کروڑوں روپے کی سرمایہ کاری کرنے کا انکشاف کیا گیا ہے۔ گزشتہ کئی روز سے عثمان المعروف ڈبل شاہ داتا دربار افسران ملازمین اور دیگر شہریوں کے ایک ارب کے قریب رقم کا فراڈ کرکے غائب ہو چکا ہے جس پر داتا دربار افسران و دیگر اوقاف افسران کی جانب سے کارروائی کرنے کی بجائے خاموشی اختیار کی گئی ہے جس کی بنیادی وجہ تنخواہ سے زائد رقم کی سرمایہ کاری کی خطیر رقم کی تفصیلات بتانے سے محفوظ رہنے کی کوشش کی گئی ہے۔ داتا دربار انتظامیہ میں متعدد افسران عرصہ دراز سے دربار پر ہی تعینات ہیں اور مبینہ طور پر نذرانہ کی چوری سمیت دیگر مالی معاملات سے مال کو خورد برد کیا جا رہا ہے۔ اوقاف ترجمان نے روزنامہ ”مشرق“ کو موقف دیتے ہوئے بتایا کہ آپکی خبر کے بعد داتا دربار ایڈمنسٹریٹر توقیر وٹو سے رپورٹ طلب کی گئی ہے ۔