مسلم لیگ (ن) آئندہ انتخابات میں دو تہائی اکثریت حاصل کریگی: مریم نواز
لاہور (مشرق نیوز) مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ کارکنوں کی محنت کے بل بوتے پر آئندہ الیکشن میں پارٹی ایک موثر پارلیمانی قوت بن کر ابھرے گی۔ مریم نواز شریف سے مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری اویس لغاری، رکن قومی اسمبلی ندیم عباس ربیرہ، سابق ایم این اے عبدالمجید خان خانان خیل اور سابق صوبائی وزیر نعیم خان بابا نے الگ الگ ملاقات کی اور مریم نواز کو مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنماﺅں نے پارٹی کے جنرل کونسل اجلاس کے کامیاب انعقاد پر پارٹی قیادت کو مبارکباد پیش کی جبکہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف، صدر شہباز شریف اور چیف آرگنائزر مریم نواز کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ لیگی رہنما کہا کہ آئندہ انتخابات میں پارٹی امیدوار ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، قائد نواز شریف کی پالیسیوں پر عمل کیا جائےگا،آئندہ الیکشن کےلئے پوری طرح تیار ہیں، بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ انہوں نے کہا کہ انشا اللہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) دو تہائی اکثریت حاصل کرےگی۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ کارکنوں کی محنت کے بل بوتے پر آئندہ الیکشن میں پارٹی ایک موثر پارلیمانی قوت بن کر ابھرے گی، پارٹی کارکنان عوامی رابطہ مہم شروع کر دیں۔


















