لاہور ( خبر نگار،اپنے رپورٹر سے)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے عوام ملکی ترقی کا سفر روکنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرےں گے،پی ٹی آئی حکومت کے4سالہ تاریک دور میں لاہور سے دانستہ طور پر بدلہ لیا گیا،بین الاقوامی کمپنیوں کو بے جا ہراساں ،کمپنیوں کو تباہ کرکے سیاسی بھرتیوں سے اداروں کو تباہ کیا گیا۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے ترکیہ کی معروف کمپنی البئراک گروپ کے صدر احمد البئراک نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا البئراک نے لاہور میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ، پبلک ٹرانسپورٹ میں گراں قدر خدمات سر انجام دیں، انہوں نے کہا ن لیگ نے اپنے دور میں لاہور کے رہائشیوں کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کیں،بین الاقوامی سرمایہ کاری سے جدید سفری سہولیات، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور روزگار کے مواقع پیدا کئے،البئراک گروپ کے وفد نے پاکستان میں دیگر شعبوں میں بھی سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہارکیا۔
ملاقات میں وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ، مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ حسان، ترک البئراک گروپ کے صدر کے علاوہ کمپنی بورڈ ممبرز اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
دریں اثنا وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں متبادل ذرائع سے توانائی بالخصوص شمسی توانائی کیلئے پالیسی سازی پر جائزہ اجلاس ہوا ، اجلاس میں وفاقی وزرا خواجہ آصف، انجینئر خرم دستگیر ، نوید قمر، ریاض پیرزادہ، مشیر وزیر اعظم احد چیمہ، معاون خصوصی جہانزیب خان، چیئرمین نیپرا اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی،اجلاس کو وزیر اعظم کے ملک گیر سولرئزیشن منصوبے پر پیشرفت و متبادل ذرائع سے توانائی پالیسی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،
شہباز شریف نے کہا آئندہ بجٹ میں حکومت نے متبادل ذائع بالخصوص شمسی ذرائع سے بجلی کی پیداوار کیلئے اقدمات یقینی بنائے ،سرکاری عمارتوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے عمل کو تیز کیا جائے،شمسی توانائی سے نہ صرف کم لاگت بجلی کی پیداوار ممکن ہوگی بلکہ قیمتی زرمبادلہ بھی بچایا جا سکے گا۔
وزیر اعظم نے ہدایت کی شمسی توانائی پر پالیسی سازی کے عمل کو تیز کرکے جلد حتمی شکل دی جائے،پاکستان میں شمسی توانائی کی وسیع استعداد موجود ہے۔
علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف سے سابق وزیر مملکت و سابق رکن قومی اسمبلی جاوید علی شاہ نے ملاقات کی ،موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
عوام ملکی ترقی کا سفر کو روکنے والوں کو کبھی معاف نہیں کریں گے،وزیراعظم


















