بجٹ تاریخی،مایوسیاں ختم،قرض فراہمی سے کسان،نوجوان،پاکستان خوشحال ہوگا،شہبازشریف

اسلام آباد (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہبازشریف نے بجٹ 2023-24کو نوجوانوں کی ترقی ، کاروبار اور و ز گارکا تاریخی بجٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے مایوسیوں کو مٹانا ، ملک و قوم کی تعمیر و ترقی ،خوشحالی سے نیا اعتماد و امید بحال کرنا ہو گی ،آئندہ مالی سال پاکستان ،عوام کی آمدن بڑھانے کا سال ثابت ہوگا،کسانوں، نوجوانوں کو زرعی اور کاروباری قرضہ جات سے کسان ،نوجوان ،پاکستان خوش حال ہوں گے۔

اپنے بیان میں وزیر اعظم نے کہا صنعت، زراعت، آئی ٹی، توانائی شعبوں میں تیزی سے ترقی و معاشی استحکام کا بجٹ ہے ،نوجوانوں کو روزگار مانگنے والے کی بجائے روزگار دینے والا کاروباری بنانے کے مواقع شامل ہیں۔

شہبازشریف نے کہانوجوان ملک کا مستقبل ہیں ،مستقبل سنوارنا ہمیشہ کی طرح میری ترجیح ہے،آئی ٹی، زراعت، صنعت میں کاروبار کے آغاز سے نوجوانوں کو پاکستان کی ترقی کے معمار بنانا ہے،نوجوانوں کو ایک لاکھ لیپ ٹاپ، چھوٹے و رعایتی قرض دے رہے ہیں ،نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کےلئے بجٹ میں آئی ٹی کاروبار میں ٹیکس کی چھوٹ دی،2 ہزار ارب سے زائد کسان پیکیج سے زراعت و کسان کی بہتری کا سفر مزید تیز ہوگا ،بجٹ 2023-24 کے ذریعے زرعی شعبے کےلئے مراعات جاری رکھیں گے ،اقدامات سے غذائی تحفظ حاصل ہوگا، نوجوانوں کو زرعی ترقی میں حصہ دار بنارہے ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف سے خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والی مسلم لیگی قیادت نے ملاقات کی، وزیراعظم نے کہاخیبر پختونخوا کو ترقی و امن کا گہوارہ بنا کر رہیں گے،گزشتہ حکومت نے خیبر پختونخوا کی ترقی کو یکسر نظر انداز کیا، شہبازشریف نے کہابجٹ میں ضم شدہ قبائلی اضلاع کی ترقی کیلئے خصوصی اقدامات شامل کئے ،یقینی بنائیں گے وفاقی حکومت کے صحت و تعلیم کے منصوبوں سے خیبر پختونخوا کے عوام بھرپور مستفید ہوں،خیبر پختونخوا کے باصلاحیت نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرض و لیپ ٹاپس فراہم کریں گے،خیبر پختونخوا کے کسانوں کو معیاری بیج و برقت کھاد کی فراہمی کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی سے لیس کریں گے،سرحدی اضلاع میں تجارت میں سہولت فراہم کرکے لوگوں کی معاشی مشکلات دور کریں گے۔

ذرائع کے مطابق صوبائی قیادت کے اجلاس میںوزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا (کے پی) کی صوبائی قیادت کو حکومتی اتحاد کےخلاف بیان بازی سے روکدیا،وزیراعظم شہباز شریف نے صوبائی قیادت کو پارٹی کے تنظیمی مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاانتخابات کا سال ہے، آپسی اختلافات ختم کرکے انتخابات کی تیاری کریں۔

مزید برآں وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان ریلویز میں اصلاحات ،مین لائن ون کی اپ گریڈیشن پر جائزہ اجلاس ہوا،وزیر اعظم نے کہاریلوے مین لائن ون (ML-1) پاکستان ریلوے نظام کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔

شہباز شریف نے کہاپاکستان مستقبل میں اپنے ریلوے نظام و بندرگاہوں کے ذریعے خطے کے دیگر ممالک کیلئے اہم تجارتی راہداریاں فراہم کرے گا،پاکستان ریلوے کی بحالی کیلئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے،مسلم لیگ ن کے دور میں بنائی گئی موٹرویز، پبلک ٹرانسپورٹ، صحت و تعلیم کے منصوبوں سے عوام مستفید ہو رہے ہیں، شہباز شریف نے کہاپاکستان ریلویز کی ٹیم کی سیلاب کے بعد اپنے آپریشنز کی فوری بحالی کیلئے کوششیں قابل ستائش ہیں۔

وزیراعظم نے ریلوے مین لائن ون (ML-1) پر ترجیحی بنیادوں پر اپ گریڈیشن پر کام کرنے کی ہدایت کردی،مزید برآںوزیراعظم شہباز شریف سے رکن قومی اسمبلی ناز بلوچ،حنیف عباسی نے ملاقات کی،سیاسی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔