ریلیف یا مہنگائی کا نیا طوفان؟بجٹ آج



اسلام آباد (بیورو رپورٹ) ریلیف یا مہنگائی کا نیا طوفان؟ وزیر خزانہ اسحاق ڈار ساڑھے 6 ہزار ارب سے زائد مالیاتی خسارے کا بجٹ آج پیش کریں گے، تنخواہوں میں 20 اور پنشنز میں 15 فیصد اضافے کی تجویز ہے۔

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کیلئے 430 ارب مختص کئے جائیں گے، 700 ارب سے زائد کے نئے ٹیکسز متوقع ہیں، پٹرولیم مصنوعات پر لیوی کی شرح مزید بڑھائے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق آئندہ مالی سال میں ملکی آمدن کا تخمینہ 9200 ارب، ایف بی آر ٹیکس محصولات اور نان ٹیکس آمدن کیلئے 2800 ارب کا ٹارگٹ ہے، 55 فیصد سے زائد صوبوں کو منتقل کئے جائیں گے، وفاقی ترقیاتی پروگرام کا ہدف 1150، صوبوں کا ترقیاتی بجٹ 1559ارب مختص کیا جائیگا۔

وفاق آئندہ مالی سال ترقیاتی منصوبوں پر 950 ارب خرچ کریگا، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت 200رب کے منصوبے شروع ہوں گے، ایف بی آر پراپرٹی سیکٹر، کمپنیوں کے منافع پر نئے ٹیکسز عائد کریگا، بجٹ میں 18 فیصد سیلز ٹیکس کی سٹینڈرڈ شرح عائد کی جائے گی جبکہ لگژری آئٹم پر 25 فیصد سیلز ٹیکس وصول کیا جائیگا، دفاع 1800، وزارت صحت13، ہائر ایجوکیشن کیلئے 59 ارب سے زائد کا ترقیاتی بجٹ مختص کیا جائیگا۔

ہزار سی سی سے بڑی امپورٹڈ گاڑیوں پر ڈیوٹیز کی شرح میں اضافے کی تجویز ہے جبکہ بجٹ میں سولر پینلز اور سولر انرجی پر سیلز ٹیکس عائد نہیں کیا گیا، قرض و سود کی ادائیگیوں کیلئے 7300 ارب مختص کیے جانے کی تجویز ہے، نان فائلرز کیلئے پرائز بانڈز کی خریدوفروخت کرنیوالوں پر ودہولڈنگ ٹیکس بڑھایا جائیگا، پلاٹ کی خریدوفروخت پر ودہولڈنگ ٹیکس نان فائلرز کیلئے دوگنی ہوگی۔