بغداد(مشرق نیوز)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے پاکستان ،عراق برادر ممالک مضبوط تاریخی، ثقافتی و مذہبی رشتوں سے منسلک ہیں، دونوں اطراف ایک دوسرے کےلئے بے پناہ نیک خواہشات موجود ہیں، مشترکہ منصوبوں و تعاون کے ذریعے برادرانہ تعلقات کو مستحکم کرنے کا بہترین وقت ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ عراق کے دوران بغداد میں پاکستانی و عراقی تاجر برادری کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
بلاول بھٹو نے کہا پاکستان ،عراق نے 2 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ،مقصد ثقافتی تعاون کو فروغ دینا ،سفارتی و سرکاری پاسپورٹ ہولڈرز کےلئے ویزا چھوٹ کی سہولت میں توسیع کرنا ہے،اقدامات تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کےلئے لوگوں کے درمیان رابطوں و اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو کافی حد تک فروغ دیں گے،باعث مسرت ہے عراق نے نجف میں قونصل خانہ کھولنے کی درخواست پر اتفاق کیا ،مثبت پیشرفت دو طرفہ تعلقات کی رفتار کو مزید بلندیوں تک لے جائےگی،دونوں طرف کی کاروباری برادریاں انتظامات سے فائدہ اٹھائیں گی ۔
پاک عراق بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع و امکانات موجود ہیں، غیر ملکی تاجروں ، سرمایہ کاروں کو استفادہ کرنا چاہئے،پاکستان ،عراق کے درمیان برادرانہ تعلقات کو شراکت داری میں تبدیل کرنا ہوگا۔
دریں اثناوزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے عراق کی اسلامی سپریم کونسل کے سربراہ حمام حمودی سے ملاقات کی،تعلقات و باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،عراقی وزیر داخلہ عبدلامیرالشمری کےساتھ ملاقات میںعوامی تعلقات میں اضافے کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیاگیا۔
علاوہ ازیںوزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے شیخ عبدالقادر جیلانی کے مزار پر حاضری دی،بلاول بھٹو زرداری کےلئے شیخ عبدالقادر جیلانی کے مزار کی نئی جالی کو خصوصی طورپر کھولا گیا،اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے شیخ عبدالقادر جیلانی کے مزار پر فاتحہ خوانی کی اور چادر رکھی۔
بہترین وقت،پاک، عراق برادرانہ تعلقات کو شراکت داری میں تبدیل کرنا ہوگا،بلاول بھٹو



















