اسلام آباد ،انقرہ(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے ترکیہ کی بزنس کمیونٹی کی جانب سے پاکستان میں جاری شراکت داری کوفروغ دینے اورنئے منصوبوں میں گہری دلچسپی خوش آئند ہے،ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہاہے کلیدی ترک بزنس گروپوں سے ملاقاتوں کے دوران انہوں نے پاکستان میں زراعت، توانائی ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اورتعمیرات کے شعبہ میں سرمایہ کاری اورتجارت کی ضرورت پر روشنی ڈالی ہے،وزیراعظم نے کہااس سال پاکستان اورترکیہ کے درمیان 31 مئی سے آپریشنل ہونےوالے اشیا ءمیں تجارت کے تاریخی معاہدے سے بہترین مواقع پیدا ہوئے ہیں، وزیراعظم نے کہاآئندہ تین برسوں میں دوطرفہ تجارت کے حجم کو5 ارب ڈالرسالانہ تک بڑھانے کا ہدف قابل حصول ہے، وزیراعظم نے کہایہ بات خوش آئندہے ترکیہ کی بزنس کمیونٹی نے پاکستان میں جاری شراکت داری کوفروغ دینے اورنئے منصوبوں میں گہری دلچسپی ظاہرکی ہے،قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان اور ان کی اہلیہ کے درمیان خوشگوار انداز میں گفتگو ہوئی جس میں پاکستانی آموں کی بھی تعریف ہوئی،صدر ایردوان کی حلف برداری کی تقریب سے روانگی کے موقع پر گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر و بیگم ایردوان میں دلچسپ گفتگو ہوئی، وزیراعظم نے ترکیہ کے صدرکو بتایا کہ وہ اب واپس روانہ ہو رہے ہیں اور پاکستان کے عوام ترکیہ کے عوام سے بھی زیادہ آپ کے انتخاب پر بہت خوش ہیں، وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت پرصدر ایردوان کاشکریہ اداکیا اورکہاآپ کی دعوت کا بہت شکریہ، آپ نے اپنی خوشیوں میں ہمیں شریک کیا، وزیراعظم نے صدر ایردوان کو بتایا ہم آپ تمام اہل خانہ کو مبارک باد پیش کرتے ہیں اور نیک تمناﺅں کا اظہار کرتے ہیں، انہوں نے کہا صدرایردوان کے لئے آموں کا تحفہ لائے ہیں، آدھے آم اپنے بھائی اور آدھے اپنی بہن کےلئے ہیں، وزیراعظم کی بات پر صدر ایردوان اور ان کی اہلیہ بے ساختہ مسکرا دئیے اور شکریہ ادا کیا اورمسکراتے ہوئے جواب دیا انہیں علم ہے پاکستان کے آم بہت لذیذ اور میٹھے ہوتے ہیں، بیگم اردوان نے بھی شکریہ ادا کیا، صدر اردوان نے تقریب میں آمد اور نیک تمناوں کے اظہار پر وزیراعظم شہباز شریف کا خصوصی شکریہ ادا کیا اورکہاآپ کا شکریہ آپ تشریف لائے۔
پاک ،ترکیہ تجارتی حجم سالانہ 5 ارب ڈالرتک لے جائیں گے:وزیراعظم


















