آڈیو لیکس انکوائری کمیشن کیخلاف درخواستیں سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد (مشرق نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان نے آڈیو لیکس انکوائری کمیشن کے خلاف درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کر دیں۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ 6 جون کو سماعت کرےگا۔، جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس شاہد وحید بینچ میں شامل ہوں گے۔ عدالت نے اٹارنی جنرل سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دئیے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی، صدر و سیکرٹری سپریم کورٹ بار اور ایڈووکیٹ حنیف راہی نے درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔