ترکیہ کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی دعوت،خصوصی سہولیات دیں گے،وزیراعظم

اسلام آباد ،انقرہ(بیورورپورٹ،مشرق نیوز) وزیراعظم نے ترکیہ میں اپنے پہلے دن کی صبح کا تمام وقت ترکیہ کی کاروباری شخصیات سے ملاقاتوں میں گزارا،وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کی ممتاز و بڑی سرمایہ کار، صنعتکار ،کاروباری شخصیات، اداروں اورکمپنیوں کے سربراہوں سے ملاقات کی ،وزیراعظم نے ترکیہ کی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری و مشترکہ منصوبہ جات میں حصہ لینے کی دعوت دی۔

وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقاتوں میں توانائی، متبادل بالخصوص شمسی توانائی، تعمیرات، انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ ،سالڈویسٹ مینجمنٹ کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر بات چیت کی گئی ،پاکستان میں موجود ترکیہ کی کمپنیوں ،پاکستانی کاروباری اداروں کی شراکت داری سے معیشت کے کلیدی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیاگیا ۔

شہبازشریف نے کہاپاکستان ،ترکیہ کی تاریخی برادرانہ دوستی سے فائدہ اٹھانا چاہیے، براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کےلئے خصوصی سہولیات دے رہے ہیں،اتفاق کیا گیاسرمایہ کاری وجاری منصوبوں کے ذریعے دوطرفہ فوائد ، تعاون بڑھایا جائے ،وزیراعظم نے کوکا کولا سی سی آئی چیف سٹرٹیجی آفس کے سی ای او کریم یاہی اور آتیلا یرلیکایا سے ملاقات کی ،وزیراعظم سے ترکش کنٹریکٹر ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل حسن یالسین اور چیئرمین دولسار انجینئرنگ عرفان آکرنے بھی ملاقاتیں کیں۔

،وزیراعظم شہبازشریف چیئرمین و صدر ڈیک نیل اولپاک پاک یاتیرم، سنان آک، زورلو ،چیئرمین احمد البارک گروپ سے بھی ملے ،اس موقع پر کہاگیاتجارتی اشیاءکے تاریخی معاہدے کے ذریعے دوطرفہ تعاون کو وسعت دی جائے ،تجارتی اشیاءکا معاہدہ اگست 2022 میں ہوا تھا۔

چیئرمین دولسار انجینئرنگ عرفان آکر نے پاکستان میں توانائی و تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا،وزیر اعظم نے دولسار انجینئرنگ کی پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے میں دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراطلاعات مریم اور نگزیب کے مطابق ترکیہ کی معروف کمپنی لیماک ہولڈنگز کی چیئرپرسن ایبرو اوزدمیرپاکستان میں متعلقہ سٹیک ہولڈرز سے براہ راست بات چیت کےلئے جلد پاکستان کا دورہ کریں گی،دورے کا مقصد پاکستان ،ترکیہ کے درمیان تجارت ،سرمایہ کاری کو بڑھانے میں تعاون کیلئے مشترکہ منصوبوں کو حتمی شکل دینا ہے۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شہبازشریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی اور نومنتخب صدر کو مبارکبادی۔