ہاوسنگ سوسائٹیز اور پٹرول پمپس سڑکوں کے اطراف پودے لگائیں : کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا جھال روڈ اور جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف ٹرکوں کی پارکنگ کا نوٹس، سیکرٹری آر ٹی اے کو فوری کاروائی کی ہدایت، سڑک کنارے ٹرکوں کی پارکنگ حادثات کا موجب بن سکتی ہے، کمشنر ساہیوال۔ انہوں نے یہ ہدایت اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈی جی پی ایچ اے ڈاکٹر شاہ زیب، ڈپٹی ڈائریکٹر نیشنل ہائی وے امیر حیدر، سیکرٹری آر ٹی اے واصف یاسین، میونسپل آفیسر غلام عباس، پسپ کے سٹی منیجر اسجد خان اورانفراسٹرکچر انجینئر حمزہ چوہان نے بھی شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ ساہیوال بائی پاس پر واقع ہاوسنگ سوسائٹیز اور پٹرول پمپس سڑک کے میڈن میں پودے لگائیں اور اسے خوبصورت بنائیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ لاہور بائی پاس چوک کی ری ماڈلنگ کا منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے جس سے ٹریفک کے مسائل حل کرنے میں بڑی مدد ملے گی۔ انہوں نے ہائی وے حکام کو ہدایت کی کہ زیر تعمیر جھال روڈ کو مزدور پلی تک بڑھایا جائے۔ انہوں نے جھال روڈ پر ٹرکوں کو پارکنگ کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری آر ٹی اے کو اسے فوری کلیئر کروانے کی ہدایت بھی کی۔