ایل ڈبلیو ایم سی، ریکارڈ فراہم نہ کرنے پر آڈٹ ڈیپارٹمنٹ کو رپورٹ کی تیاری میں مشکلات

لاہور ( خبر نگار) لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے ریکارڈ فراہم نہ کرنے کے باعث آڈٹ ڈیپارٹمنٹ کو رپورٹ جاری کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا، کمشنر لاہور ڈویژن کے حکم پر جاری سپیشل آڈٹ کی راہ میں روڑے اٹکانے کی کوشش کی جا رہی ہے، چیف فنانشل آفیسر آڈٹ ڈیپارٹمنٹ کو ریکارڈ کی فراہمی پر مسلسل گمراہ کر رہے ہیں، آڈٹ ڈیپارٹمنٹ کو کمپنی میں بیٹھے ہوئے ایک ماہ کا عرصہ ہونے کو ہے مگر کمپنی ریکارڈ کی فراہمی میں لیت و لعل سے کام لے رہی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ ریکارڈ کی فراہمی سے متعلق ماتحت عملے کو لفٹ نہ کرانے کے بعد ڈائریکٹر آڈٹ نے کمپنی کے دفتر میں ڈیرے جما لئے ہیں اور ریکارڈ حاصل کرنے کے لئے کمشنر لاہور سے شکائت بھی کر دی ہے۔ ڈائریکٹر آڈٹ نے ریکارڈ کی فراہمی کے ساتھ ساتھ فیلڈ وزٹ کا سلسلہ بھی شروع کردیا ہے تاہم اس حوالے سے ابتدائی طور پر ورکشاپس کے وزٹ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ آڈٹ ڈیپارٹمنٹ نے کمپنی کے علاوہ دیگر ذرائع سے بھی انفارمیشن اکھٹی کرنا شروع کر دی ہے جس سے ایسا معلوم ہورہا ہے کہ یہ آڈٹ روائتی آڈٹ سے قدرے مختلف ہوگا، کیونکہ بلدیہ عظمیٰ کا حال ہی میں مکمل ہونے والا آڈٹ بھی اسی ٹیم نے ہی کیا تھا جس میں انتہائی خطرناک پیروں کا اضافہ کیا گیا تھا شائد یہی وجہ ہے کہ ایل ڈبلیو ایم سی کو خوف طاری ہو گیا ہے کہ ان کے ساتھ بھی وہی والا معاملہ نہ ہوجائے۔