عمران خان نے 9مئی کو فتنے فساد کے اپنے ناپاک عزائم کو پورا کیا : حمزہ شہباز
لاہور( اپنے رپورٹر سے)سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کے وفد نے یادگار شہدا ءمناواں پر حاضری دی ۔حمزہ شہباز نے یادگار شہدا ءپر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی ۔ اس موقع پر لاہور کے صدر ملک سیف الملوک کھوکھر ،خواجہ عمران نذیر ،سہیل شوکت بٹ،ماجد ظہور، غزالی سلیم بٹ ، کبیر تاج سمیت دیگر رہنما اور کارکنان کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔ اس موقع پر شرکاءکی جانب سے پاک فوج کے حق میں نعرے بھی لگائے گئے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ یہ ملک لاکھوں قربانیوں کے بعد وجود میں آیا ہے،قوم کی سلامتی کےلئے شہید ہونے والے افواج پاکستان کے بہادر جوانوں کا خون اس قوم پر قرض ہے ۔9مئی کے واقعہ نے عوام کے دلوں کو زخمی کیا ہے ،یہ نہیں ہو سکتا کہ چند ہزار کا جتھہ چوبیس کروڑ عوام کے جذبات کے ساتھ کھیلے ، ہم انشااللہ تعالیٰ ایسا نہیں ہونے دیں گے ۔عوام نے دیکھا کہ جتھوں نے کس طرح 9مئی کو جناح ہاﺅس کو جلایا ،جی ایچ کیو پر حملہ کیا ، دفاعی تنصیبات کو مسمار کیا گیا ہے ،قوم کا فخر سمجھا جانے والا جہاز جلا دیا گیا ،میانوالی اورسرگودھا میں ائیر بیسز پر دھاوا بولا گیا ، یہ کون لوگ ہیں جو پاکستان کے وقار پاکستان کی شان پر حملہ آور ہوئے ۔



















