لاہور (مشرق نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے انکشاف کیا ہے کہ سابق فاسٹ بولر شعیب اختر ان کے مقروض ہیں، انہوں نے ان سے کپڑے خریدنے کیلئے رقم لی تھی جو اب بھی واجب الادا ہے۔گزشتہ دنوں ثقلین مشتاق نے ایک نجی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے نجی زندگی اور کرکٹ کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔میزبان کے ایک سوال پر انہوں نے شعیب اختر کی تصویر دیکھتے ہوئے انہیں شعبی اور شعیب ایکٹر کے لقب سے پکارا اور بتایا کہ وہ دونوں کرکٹ کھیلنے سے بھی قبل بلکہ بچپن سے ہی دوست ہیں۔ دونوں کا ایک دوسرے کے گھر آنا جانا لگا رہتا تھا اور ایک ساتھ دال روٹی کھایا کرتے تھے۔دوران گفتگو انہوں نے شعیب اختر کے ساتھ اپنے تعلقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ بہت جذباتی انسان ہیں، خود مذاق کرلیتے ہیں لیکن کوئی دوسرا مذاق کرے تو برا مان جاتے ہیں۔ثقلین مشتاق نے ماضی کی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایک وقت ایسا بھی تھا جب شعیب اختر نے ان سے 250 روپے کپڑے خریدنے کی خاطر ادھار لئے تھے جو اب تک واپس نہیں کئے۔
شعیب اختر میرے 250روپے کے مقروض ہیں:ثقلین مشتاق
















