پاک ایران آزادانہ تجارتی معاہدے کو جلد حتمی شکل دی جائے گی،وزیراعظم

پشین، کوئٹہ (بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہبازشریف اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے پاک، ایران سرحد پر مند پشین بارڈر مارکیٹ اور پولان، گبد بجلی ٹرانسمیشن لائن کا مشترکہ طور پر افتتاح کردیا۔ دونوں رہنماوں نے پاکستان، ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے عندئیے کے طور پر بارڈر مارکیٹ کے احاطے میں پودا بھی لگایا۔ اس موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر توانائی خرم دستگیر، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، پاکستان، ایران کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

بعدازاں پاک، ایران سرحد پر وزیراعظم شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان بجلی اور پٹرولیم کے شعبو ں میں بے پناہ گنجائش موجود ہے، 100 میگاواٹ گبد، پولان بجلی ترسیلی منصوبہ پاک، ایران تعلقات میں نئے باب کا اضافہ ہے۔ دونوں ممالک کے عوام اور قیادت کو ملکر دونوں ممالک کی ترقی و خوشحالی کیلئے انقلاب لانا ہوگا، یہ مشکل کام نہیں، انہوں نے کہا کہ بارڈر سکیورٹی میکنزم کو مزید مربوط بنایا جائے تاکہ دونوں ممالک کے عوام کے دلوں میں دراڑ ڈالنے والوں کے عزائم کو خاک میں ملایا جا سکے۔

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کےساتھ دوطرفہ معاملات پر مفید گفتگو ہوئی، دونوں اطراف سے سنجیدگی کےساتھ اس بات کا برملا اظہار کیا گیا کہ تجارت، سرمایہ کاری، آئی ٹی، زراعت و دیگر معاشی میدانوں میں آگے بڑھنا چاہئے، طے کیا گیا کہ فری ٹریڈ ایگریمنٹ کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائےگی، ایران سے بجلی کی ترسیل میں بہت گنجائش بہت موجود ہے، ملکر مزید آگے بڑھنے پر اتفاق کیا، ایرانی صدر نے شمسی توانائی کے شعبے میں ملکر تیزی سے آگے بڑھنے کی بھی یقین دہانی کرائی، میں نے سی پیک پر بھی تجاویز پیش کیں۔

قبل ازیں وزیراعظم شہبازشریف کے گوادر پہنچنے پر بلوچستان کے وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے خیرمقدم کیا جس کے بعد وزیراعظم مند پشین بارڈر مارکیٹ کے افتتاح کےلئے تحصیل مند کے علاقے ردیگ پہنچے جہاں پر ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے انکا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماﺅں نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا، دونوں رہنماﺅں نے افتتاح کے بعد مارکیٹ کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔

بارڈر مارکیٹ کے قیام سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ میں مدد ملے گی، سرحد کے دونوں اطراف رہنے والے لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا، سمگلنگ کی روک تھام کی جا سکے گی، گبدپولان ٹرانسمیشن لائن وزیراعظم شہبازشریف کی ذاتی دلچسپی کی بدولت ریکارڈ مدت میں مکمل ہوئی، ٹرانسمیشن لائن کی تکمیل سے ایران سے درآمد کی جانےوالی سستی بجلی کی مجموعی مقدار 204 میگاواٹ ہوگئی، 132 کے وی کی ٹرانسمیشن لائن کو اَپ گریڈ کرکے 220 کے وی کردیا گیا، منصوبہ 4 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل ہوا، نئی ٹرانسمیشن لائن سے بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں بجلی کی ترسیل میں بہتری اور کاروباری سرگرمیوں کےلئے بجلی کی وافر مقدر میسر آئےگی۔

دریں اثنا وزیراعظم شہبازشریف اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی مندپشین مشترکہ مارکیٹ کے افتتاح کے بعد وفود کے ہمراہ ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات اور تجارت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید برآں پاک، ایران سرحد پر عمائدین سے گفتگوکرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا پاکستان، ایران کے درمیان آزادانہ تجارت کے معاہدے کو جلد حتمی شکل دی جائےگی۔ ایرانی صدر کےساتھ تجارت، سرمایہ کاری، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، شمسی توانائی و معیشت کے دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ بارڈر مارکیٹ کے قیام اور نئی ٹرانسمیشن لائن سے پاک ایران دوستی مضبوط ہوگی، باہمی تجارت میں اضافہ ہوگا، تمام منصوبے دونوں ممالک کے عوام کی ترقی و خوشحالی کےلئے سنگ میل ثابت ہوں گے۔

علاوہ ازیںایرانی خبر رساں ادارے (ارنا) کو خصوصی انٹرویو وزیراعظم شہباز شریف نے کہا عالمی برادری کو افغان عوام کےلئے پائیدار اقتصادی راہداری کو فروغ دینے کےلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے، پاکستان، ایران کےساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کے فروغ، افغانستان سمیت خطے کی مشترکہ خوشحالی کو فروغ دینے کےلئے پرعزم ہے۔ توانائی منصوبے اور سرحدی منڈیاں پاک، ایران دوستی کی سربلندی کی علامت ہیں۔ ایران، سعودی عرب کے درمیان تعلقات میں پیشرفت علاقائی امن و خوشحالی کےلئے اہم کردار ادا کرےگی۔

وزیراعظم نے کہا پاکستان، ایران گہرے مذہبی، ثقافتی و لسانی رشتوں میں بندھے ہیں، دونوں ممالک کی حکومتیں اپنے عوام کی بہتری، سماجی و اقتصادی ترقی کےلئے قریبی تعاون کو فروغ دے رہی ہیں۔ مندپشین بارڈر مارکیٹ اور پولان گبد توانائی منصوبے مشترکہ عزم کا مظہر ہیں، مند پشین سمیت سرحدی مارکیٹیں نہ صرف سرحدی علاقوں کے سماجی و اقتصادی حالات کو بہتر بنائیں گی بلکہ مقامی کاروباروں کےلئے نئے مواقع کو بھی فروغ دیں گی، مارکیٹیں دونوں ممالک کے درمیان بالخصوص اقتصادی شعبے میں تعاون کو آگے بڑھائیں گی۔ پاکستان، ایران 5 ارب ڈالر سالانہ تجارتی حجم حاصل کرنے کےلئے پرعزم ہیں، بارٹر ٹریڈ میکنزم کو فعال کرنا اہم قدم ہے، سرحدی منڈیاں تجارت کو فروغ، اقوام کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گی۔ دونوں ممالک کے درمیان تمام شعبوں بالخصوص علاقائی تجارت، ٹرانزٹ، باہمی رابطہ کاری کو فروغ دینے اور مزید مضبوط بنانے کےلئے اپنا کام جاری رکھیں گے۔

شہبازشریف نے کہا کہ افغانستان کو سکیورٹی، اقتصادی اور انسانی شعبوں میں متعدد پیچیدہ چیلنجز کا سامنا ہے، 28 ملین سے زائد افراد اور دوتہائی افغان آبادی کو زندہ رہنے کےلئے فوری انسانی مدد کی ضرورت ہے، دہشت گردی کی لعنت افغانستان کے بے گناہ شہریوں کی جانیں لے رہی ہے، عالمی برادری کو مشکل وقت میں افغان عوام کےساتھ کھڑاہونا چاہئے، افغان عبوری حکومت کے ساتھ تعمیری روابط ناگزیر ہیں۔ عالمی برادری کی ترجیحات کی درجہ بندی کےلئے متوازن نکتہ نظر کی ضرورت ہے جس میں انسداد دہشت گردی، منشیات کی سمگلنگ اور جامع طرز حکمرانی کو فروغ دینا شامل ہوگا جبکہ اپنی ٹوئٹ میںوزیراعظم شہباز شریف نے کہا پاکستان ،ایران گہرے مذہبی، ثقافتی اور لسانی رشتوں میں منسلک برادر ممالک ہیں، دونوں ممالک کی حکومتیں اپنے عوام کی سماجی و اقتصادی ترقی کےلئے قریبی تعاون کررہی ہیں۔