عمران ریاض6دن سے غا ئب،زندگی کو خطرہ ہے،لاہور ہائیکورٹ

لاہور (کورٹ رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے اینکر پرسن عمران ریاض کی بازیابی کیس میں پولیس اقدامات پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جمعہ تک پیشرفت سامنے لانے کی ہدایت کر دی،چیف جسٹس ہائیکورٹ امیر بھٹی نے عمران ریاض کے والد ریاض کی درخواست پر سماعت کی ،ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او)عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

چیف جسٹس نے عمران ریاض کی بازیابی کےلئے پولیس کے اقدامات پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا پولیس نے تو ابھی تک کچھ نہیں کیا،چیف جسٹس نے ڈی پی او کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ نے ایک سب انسپکٹر تعینات کردیا باقی آپ نے کہا جا موج کرو،آپ نے کہا تھامیں سب کچھ دیکھوں گا انوسٹی گیشن دیکھوں گا، 48 گھنٹے لیے تھے،پولیس تو کہہ رہی ہے کچھ نہیں کر سکتے، پولیس نے ایجنسیز کو لیٹر لکھے اور گھر جا کر سو گئے۔

جسٹس امیر بھٹی نے کہا ہائی پروفائل کیس کی تحقیقات ایک سب انسپکٹر کو دےدی گئی آپ کی کیس میں دلچسپی نہیں ،ڈی پی او سیالکوٹ نے عدالت کو کہا پوری کوشش کر رہے ہیںتاہم چیف جسٹس نے کہا میں آپ کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہوں،وکیل عمران ریاض نے کہا سر کچھ نہیں ہو رہا پولیس نے صرف ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا ہوا ہے،چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے ایک بندہ 6 دن سے غائب ہے، ہمارے لوگ کیا کر رہے اس کی زندگی کو خطرہ ہے، ایک بندے کو اٹھا لیا گیا ذمہ دار کون ہے،پولیس بتائے بس میں کچھ نہیں تو کسی اور ایجنسی سے پوچھ لیتے ہیںاگر عمران ریاض نے کچھ غلط کیا تو آپ مقدمہ درج کریں نہیں روکیں گے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے ہمارے پاس یہی ایجنسیز ہیں جن کو ہم نے کہنا ہے باقی لوگوں کو ساتھ لیں اور بندہ بازیاب کریں، ڈی پی او نے بھی کوئی خاطر خواہ رزلٹ نہیں دیئے،آئی جی پنجاب نے عدالت کو یقین دہانی کرائی آئی ایس آئی معاملے میں تعاون کر رہی ہے،بعدازاں چیف جسٹس نے آئی جی کو ہدایت کی جمعہ 12بجے تک کا وقت دے رہا ہوں، عدالت کے سامنے پیشرفت رپورٹ پیش کریں۔