لاہور(خبر نگار)سابق وزیراعظم وچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہاہے میری اگلی گرفتاری سے قبل شاید میری آخری ٹوئٹ ہو کیونکہ پولیس نے میری رہائشگاہ کا محاصرہ کر لیا،عمران خان نے اپنی ٹوئٹ میں ویڈیو بھی شیئر کی جس میں پولیس کی درجنوں گاڑیوں کو عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک کے قریب سے گزرتے دیکھا جاسکتا ہے ۔
قوم سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا اب بھی وقت ہے بیٹھ کر بات کریں اور مسئلے کا حل نکالیں جو صرف الیکشن کی صورت میں ہی نکلے گا، عمران خان نے دعویٰ کیا میں نے اور پی ٹی آئی کے کسی رہنما نے کبھی پرتشدد واقعات کی ہدایت نہیں کی، میرے گھر پر میری غیر موجودگی میں چھاپہ مارا گیا، جوڈیشل کمپلیکس میں قتل کی سازش کی گئی، ظل حیدر کو مارا گیا، کبھی جلاو گھیراو کا حکم نہیں دیا بلکہ ہمیشہ پرامن رہنے کی بات کی،کوئی تحقیقات نہ انکوائری اور پی ٹی آئی کارکنوںکی پکڑ دھکڑ شروع کرکے دہشت گرد تنظیم قرار دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
خواتین سے بدتمیزی اور گھروں میں داخل ہوکر چادر چار دیواری کا تقدس پامال کیا جا رہا ہے، ساری حرکتوں کی وجہ سے نفرتیں پھیلائی جا رہی ہیں، چوروں کی خاطر سب کرنے سے میں اپنا ملک تباہ ہوتے دیکھ رہا ہوں، 9 مئی کے واقعات میں کسی کے ملوث ہونے کے شواہد ہیں جنہیں لےکر ہائیکورٹ جا رہے ہیں اور تحقیقات کےلئے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کریں گے۔
عمران خان نے سوال کیا اسلام آباد میں عدالتی پیشی کے موقع پر جب کارکن آگے بڑھتے تھے تو پولیس شیلنگ کرتی تھی مگر لبرٹی سے کورکمانڈر لاہور آفس کارکن پہنچے مگر کسی نے نہیں روکا، معاملے پر آئی جی پنجاب کو طلب کر کے جواب مانگنا چاہئے، ملک بھر میں خوف و ہراسانی پھیلانے کا مقصد صرف یہ ہے عوام خاموش ہوجائیں، قوم آنکھیں کھولے اور سارے واقعات کا بغور مشاہدہ کرے، مجھے خوف ہے بہت بڑا ردعمل آنےوالا ہے۔
نگراں وزیر اطلاعات پنجاب کے زمان پارک میں دہشت گردوں کی موجودگی کے دعوے پر عمران خان نے کہا میری بھی جان کو خطرہ ہے، آپ سے گزارش ہے مہربانی کر کے سرچ وارنٹ لےکر آئیں تاکہ ہم بھی دیکھیں دہشت گرد کون ہے، سارے گھر کی تلاشی دیں گے، گھر میں داخل ہونے کا بہانہ نہ بنائیں، پی ڈی ایم کو فائدہ پہنچانے کیلئے اب حالات کو مزید خراب نہیں کریں اب بھی وقت ہے بات کر کے مسئلہ حل کریں اور مسئلے کا حل صرف الیکشن ہے۔
اب بھی وقت ہے بیٹھ کر بات کریں اور مسئلے کا حل نکالیں،عمران خان


















