نیب قانون میں بہت سی چیزیں درست، کچھ غلطیوں پر فیصلہ دیں گے،سپریم کورٹ

اسلام آباد (بیورورپورٹ)چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے نیب ترامیم کےخلاف کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دئیے نیب قانون میں بہت سی چیزیں درست ہیں، کچھ غلطیاں ہیں جن پر فیصلہ دیں گے،مقدمے کو مزید نہیں لٹکانا چاہتے، خواجہ حارث بتائیں نیب ترامیم میں بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کہاں ہوئی؟۔

نیب ترمیم کیس کی سماعت چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کی ،وفاقی حکومت کے وکیل مخدوم علی خان کراچی سے ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہوئے،چیف جسٹس نے مخدوم علی خان سے مکالمہ کیاآپ اتنی دور سے پیش ہوئے ہیں، مخدوم علی خان نے کہا گزشتہ روز کے حالات کے پیش نظر مجھے لگا عدالت پہنچنا مشکل ہو گا، چیف جسٹس نے مخدوم علی خان سے کہا دھیان سے بات کریں، عدالت میں جو بات کہیں گے وہ سوشل میڈیا پر گڈ ٹو سی یو کی طرح سیاق و سباق کے بغیر پیش کی جائےگی،کیس کی 46ویںسماعت ہے اور بنچ چاہتا ہے کیس کو سمیٹا جائے،سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کے وکیل مخدوم علی خان اور عمران خان کے وکیل کو دلائل کی سمری جمع کرانے کا حکم دےدیا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے جوابات کے بعد فیصلہ کریں گے مزید سماعت کی ضرورت ہے یا نہیں،تحریری مواد دیکھنے کے بعد ضرورت ہوئی تو مزید سماعت کریں گے اگر فراہم کردہ مواد پر عدالت کسی نتیجے پر پہنچی تو فریقین کو آگاہ کر دیں گے،مقدمے کو مزید نہیں لٹکانا چاہتے کیونکہ عدالتی چھٹیوں میں شاید بنچ بیک وقت دستیاب نہ ہو، نیب قانون میں بہت سی چیزیں درست ہیں، کچھ غلطیاں ہیں جن پر فیصلہ دیں گے،خواجہ حارث صاحب، نیب ترامیم دیکھ کر بتائیں ان میں غلطی کیا ہے، یہ بھی بتائیں نیب ترامیم میں بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کہاں ہوئی؟چیف جسٹس نے عمران خان کے وکیل سے مکالمہ کیا خود سے طے نہیں کر سکتے نیب قانون میں تبدیلی سے بنیادی حقوق متاثر ہو گئے۔

جسٹس اعجازالااحسن نے عمران خان کے وکیل کو ہدایت دی اپنے جواب میں مخدوم علی خان کے اعتراضات کا جواب بھی شامل کیجیے گا،وکیل خواجہ حارث نے کہاحکومت نے نیب قانون میں گزشتہ روز تیسری ترمیم کی ،چیف جسٹس نے کہا حکومت بھی تو ہمارا امتحان لیتی جا رہی ہے،خواجہ حارث نے کہا حکومت نے نیب قانون میں ریفرنسز واپس ہو کر متعلقہ فورم سے رجوع کرنے پر ترمیم کی۔

وفاقی حکومت کے وکیل نے عمران خان کے نیب ترامیم سے مستفید ہونے کا نکتہ عدالت میں اٹھا یا،مخدوم علی خان نے کہا پچھلے ہفتے ایک معاملہ سپریم کورٹ کے سامنے آیا، آئینی تاریخ میں پہلی بار ایک شخص نے قانون سے فائدہ حاصل کیا جس کو چیلنج کر رکھا ہے،عمران خان چاہتے ہیں جس قانون سے فائدہ وہ حاصل کر چکے اس سے کوئی اور مستفید نہ ہو، تاریخ میں پہلی بار ہواوزیراعظم نے عہدے سے فارغ ہونے پر اپنے ترمیم شدہ قانون کو چیلنج کیا،مخدوم علی خان نے دلائل دئیے آئین اجازت نہیں دیتا قانون سے ناقد شخص اسی سے فائدہ لے، درخواست گزار نہیں بتا سکے نیب قانون براہ راست بنیادی انسانی حقوق سے منافی ہے، نیب ترامیم کےخلاف کیس قیاس آرائیوں پر مبنی لمبی مشق ہے،صدر مملکت نے نیب ترامیم بغیر دستخط کے واپس کیں ،پارلیمنٹ نے دوبارہ منظور کیا۔

مخدوم علی خان نے سوال اٹھایا عمران خان نے نیب قانون پہلے ٹرائل کورٹ میں چیلنج کیوں نہیں کیا؟ چیف جسٹس نے کہا آپ نے نکتہ پہلے بھی بہترین انداز میں اٹھایا تھا درخواست ٹھوس بنیادوں پر مبنی نہیں،خواجہ حارث نے کہا عدالت 184 تھری کے مقدمات میں کسی بھی قانون پر جوڈیشل ریویو کر سکتی ہے، ساری دنیا میں عدالتیں قوانین کو کالعدم قرار دیتی ہیں،چیف جسٹس نے کہا اگر آپ تیسری ترمیم سے متاثر ہیں تو متعلقہ فورم سے رجوع کر لیں، عدالتی فیصلے میں موجود ہے جس کے تحت عدالت پارلیمنٹ کو قانون سازی کا کہتی رہی ہے،پارلیمنٹ کو قانون سازی کی ہدایات دینے کا مقصد قانون کو آسان بنانا تھا تا کہ بہتری ہو،بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔