اسلام آباد (بیورورپورٹ)وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے ایک بار پھر واضح کیا ہے پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے، ورثے میں ملی تباہ حال معیشت اور ڈیفالٹ کرتا ملک بچایا، عمران خان نے 4سال ملکی ساکھ داﺅ پر لگائی، ملکی تاریخ کے سب سے زیادہ قرضے لئے، آئی ایم ایف کا پروگرام دستخط کر کے خلاف ورزی کی گئی، عمران خان کی گرفتاری سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں۔
قومی احتساب بیورو نے القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں عمران خان کو گرفتار کیا، ملکی تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا جسمانی ریمانڈ پر موجود ملزم کو اتنا بڑا ریلیف ملا ہو، عمران خان سے پوچھ گچھ یا تفتیش کی جائے تو تشدد پر اتر آتے ہیں، انتخابات کیلئے آئین و قانون موجود ہے، انتخابات اس وقت ہوں گے جب آئینی مدت پوری کرلیں گے۔
عالمی نشریاتی ادارے ”الجزیرہ“ کو دیئے گئے انٹرویو میں وزیر اطلاعات نے کہا عمران خان کو گرفتار کر کے کوئی ہدف حاصل نہیں کرنا تھا، بہت سی مثالیں موجود ہیں جب عمران خان اقتدار میں تھے اور اپوزیشن سوال پوچھتی تو ڈیتھ سیل میں بھیج دیتے، میڈیا سوال پوچھتا تو میڈیا کے لوگوں کو جیلوں میں ڈال دیا جاتا،آر ایس ایف کی رپورٹ میں عمران خان کو میڈیا پریڈیٹر کہا گیا، پی ٹی آئی کے مسلح جتھوں نے مریضوں کو باہر نکال کر ایمبولینسوں کو آگ لگائی، سکولوں پر حملے کئے، ہسپتال جلائے، مویشی منڈی کو آگ لگائی، رکنے کا نام نہیں لے رہے تھے لیکن ساری صورتحال میں حکومت نے بڑی دانشمندی و صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا۔
ریاست محض حکومت نہیں، ایگزیکٹو، عدلیہ اور پارلیمنٹ ہے اور ریاست کی رٹ قائم کرنا تینوں ستونوں کی ذمہ داری ہے،مریم اورنگزیب نے مزید کہا100مقدمے عمران خان کا جھوٹا بھاشن ہے،عمران خان تاثر قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں حکومت ان کےخلاف ہے اور کسی سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے اگر ایسا کرنا چاہتے تو 14 ماہ تک انتظار نہ کرتے ایسا نہیں ہو سکتا انتخابات عمران خان کی مرضی کے وقت ہوں،الیکشن مقررہ وقت پر ہی ہوں گے۔
علاوہ ازیں عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا عوام تمہاری دہشتگردی اور ملک دشمنی کا حصہ بننے کو تیار نہیں،مریم اورنگزیب نے کہا کسے آواز دے رہے ہو، سرکاری عمارتوں پر حملے کرنے والے دہشتگرد تو گرفتار ہیں،عمران خان کسے آواز دے رہے ہو؟ شہداءکی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والے توگرفتار ہوچکے، تم آرام سے زمان پارک بیٹھو جو آگ تم نے لگانی تھی لگالی دوبارہ نہیں لگانے دیں گے،عوام نے ملک دشمنوں اور دہشتگردوں کے ماسٹر مائنڈ کو مسترد کردیا۔
عمران سن لو!عوام تمہاری دہشتگردی اور ملک دشمنی کا حصہ بننے کو تیار نہیں،مریم اورنگزیب
















