بھارت کا بلاول بھٹوکے بیان کو تشدد کے خطرے سے جوڑنا شرارت ہے،پاکستان

اسلام آباد (بیورورپورٹ)ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے بھارت کی جانب سے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے بیان کو تشدد کے خطرے سے جوڑنا شرارت و انتہائی غیرذمہ دارانہ عمل ہے،ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی بھارت کو مقبوضہ کشمیرمیں جی 20اجلاس بلانے پر مبینہ دھمکی کی ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا وزارت خارجہ مقبوضہ کشمیر جی 20ٹورازم ورکنگ گروپ اجلاس پر پاکستانی موقف واضح کر چکی۔

دورہ بھارت میں وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کئی مواقع پر یو این قرار دادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل پرزور دیا، بلاول بھٹو کے خیالات کو تشدد کے خطرے سے جوڑنا انتہائی غیرذمہ دارانہ اور تنازعات کو عالمی قراردادوں کے مطابق بات چیت سے حل کے موقف سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے،ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا ریاستوں کے درمیان حساس معاملات پر رپورٹنگ کرتے وقت صحافتی اصولوں کا احترام کیا جانا چاہیے۔