کسانوں کو بھرپور فائدہ پہنچانے کےلئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے ،وزیراعظم

اسلام آباد،لاہور (بیورورپورٹ،اپنے رپورٹر سے)وزیراعظم شہباز شریف ایک ہفتے کے غیر ملکی دورے پربرطانیہ چلے گئے،برطانوی حکومت کی دعوت پر بادشاہ کی تاج پوشی تقریب میں شرکت کریں گے،قوی امکان ہے وزیراعظم شہباز شریف وطن واپسی سے قبل ترکیہ و سعودی عرب بھی جائیں تاہم حتمی پروگرام ابھی سامنے نہیں آیا۔

برطانیہ روانگی سے قبل اپنی ٹوئٹ میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا پاکستان ، برطانیہ کے مابین تعلقات مشترکہ تاریخ میں پیوست ہیں اور دونوں ممالک کے مابین کثیرجہتی روابط کئی دہائیوں کے دوران مزید مضبوط ہوئے ،برطانوی شاہی خاندان ہمیشہ پاکستان کا عظیم دوست رہا ، کنگ چارلس تھری کی تاج پوشی تقریب میں شرکت کے علاوہ دولت مشترکہ رہنماﺅں کی کانفرنس میں بھی شرکت کروں گا۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف سے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ملاقات کی ،صوبے میں مجموعی امن و امان کی صورتحال و دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے حکومت کی جانب سے گندم کی خریداری پر وزیراعظم کو بریف کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے گندم کی بھرپور فصل ہونے پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کہارواں سال گندم کی بھرپور فصل کا فائدہ کسانوں تک پہنچانے کےلئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے ،علاوہ ازیںوزیراعظم شہبازشریف نے صحافت کے عالمی دن پر دنیا بھر کے صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا جس ماحول میں وہ کام کرتے ہیں وہ اکثر چیلنجوں و خطرات سے بھر پور ہوتاہے۔