کبھی تھریٹ ، کبھی ٹانگ میں درد ،عمران پیش نہ ہوئے توضمانت مسترد کر دینگے،اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد(بیورورپورٹ)اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دئیے ہیںکبھی تھریٹ ، کبھی ٹانگ میں درد ،عمران خان پیش نہ ہوئے توضمانت مسترد کر دینگے،تفصیلات کے مطابق اداروں کےخلاف بغاوت پر اکسانے کے کیس کی سماعت شروع ہوئی تو اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی عدم حاضری پر برہم ہو گئے،عدالت عالیہ نے عمران خان کے وکیل سے پوچھا کہاں ہیں درخواست گزار؟وکیل نے جواب دیا نہیں آئے، حاضری سے استثنیٰ درخواست دائر کردی،عدالت نے کہا کہاں ہے استثنیٰ درخواست؟ عدالتوں کا مذاق بنا رکھا ہے،عمران خان عدالتی وقت ختم ہونے تک پیش نہ ہوئے تو عبوری ضمانت خارج کر دیں گے،عدالت نے سماعت میں وقفہ کر دیا۔

سماعت دوبارہ سماعت شروع ہوئی تو عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے دلائل دیتے ہوئے کہا عمران خان گزشتہ روزلاہور ہائیکورٹ میں خود پیش ہوئے حالانکہ پیشی ضروری نہیں تھی، عمران خان کو شام 5 بجے علم ہوا کچھ غلط ہوا ہے،شام 7 بجے ٹانگ پر سوجن ہوئی تو شوکت خانم ہسپتال جانا پڑا، رات 11 بجے کے بعد میڈیکل سرٹیفکیٹ اور صبح ایکسرے میرے پاس آیا،چیف جسٹس عامر فاروق نے عمران خان کے وکیل سے کہا آپ عدالت میں پیش ہوئے نہ انویسٹی گیشن جوائن کی گئی اگر حاضری کو چھوڑ بھی دیں تو شامل تفتیش نہ ہونے کا کیا کریں؟ آپ مجھے بتائیں کیا کریں؟۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے جواب دیا میڈیکل گراونڈ پر درخواست پہلی مرتبہ دی ،چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا آپ میڈیکل رپورٹ بھی پرائیویٹ ہسپتال کی دے رہے ہیں، سرکاری ہسپتال سے علاج کیوں نہیں کراتے؟ آپ کو معلوم ہے ایسے کیسز میں سرکاری ہسپتال کی رپورٹ ہوتی ہے،بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا 71 سال کی عمر میں زخم بھرنے میں بھی وقت لگتا ہے،چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا میرے ساتھی جج چاہتے تھے ایک ہفتے کی حفاظتی ضمانت دے کر درخواست نمٹائی جائے، قانون میں ضمانت قبل از گرفتاری میں حاضری سے معافی کہاں ہے؟ گزشتہ سماعت پر بھی مثال دی تھی کیا عام آدمی کی ضمانت ایسے ہو سکتی ہے؟،جسٹس میاں گل حسن نے کہا کبھی تھریٹ ہے، کبھی ٹانگ میں درد ہے، 4 پیشیوں پر حاضر نہیں ہوئے، آرڈر لےکر کوئی اور ملزم بھی آئے گا یہ مثال موجود ہے،وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا 3 ماہ میں کسی ایک فرد کےخلاف 140 مقدمات نہیں بنے، غیر معمولی حالات بھی ہیں، آپ کسی متعلقہ عدالت میں بھی جا سکتے ہیں۔

چیف جسٹس اسلام آباد نے کہا پٹشنر کی غیر موجودگی میں دلائل نہیں سنیں گے، کہہ چکے عبوری ضمانت واپس لینے پر غور کریں گے،صبح کےلئے آ جاتے ہیں تو ٹھیک ہے ورنہ درخواست خارج کر دیں گے،وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے کہااستدعا ہے 4،5دن کی تاریخ دے دیں،ایڈووکیٹ جنرل بیرسٹر جہانگیر جدون نے دلائل میں کہا شوکت خانم ہسپتال کی رپورٹ دیتے ہیں، اپنا ہسپتال اور اپنا ڈاکٹر،6 ماہ تک ٹھیک نہ ہونے کی رپورٹ دیں گے، سکیورٹی کا بندوبست کیا اب پھر کرنا پڑے گا،چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا اگر عمران خان جمعرات کو پیش نہ ہوئے تو ضمانت مسترد کر دی جائے گی،قانون بڑا واضح اور سب کےلئے برابر ہے۔

عدالت نے عمران خان کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے حاضری سے استثنیٰ درخواست منظور کر لی،عمران خان کے وکیل نے عدالت کو یقین دہانی کرائی ایمبولینس میں بھی پیش ہونا پڑا تو عمران خان ضرور آئیں گے۔