پاکستان ریلویز کی طرف سے سیلاب میں بند ٹرینوں کی بحالی کا آغاز
لاہور(اپنے نمائندے سے) پاکستان ریلویز کا سیلاب میں بند کی جانےوالی ٹرینوں کو بحال کرنے کا آغاز، مسافروں کو بہترین سفر ی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے عملی اقدامات، سیلاب میں بند کی جانے والی شالیمارایکسپریس ٹرین 8 ماہ بعد لاہور اور کراچی سے بیک وقت صبح 6 بجے بحال ،رواں ماہ میں تمام کلاسز کرایوں میں 20فیصد تک رعائت کا اعلان کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلویز انتظامیہ کا عوام کو بہترین سفر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی خاطر عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں جس میں مختلف مسافر ٹریوں کی بحالی کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ ماضی قریب میں اسلام آباد سے کراچی تک لگژی سفری سہولیات سے آراستہ کرتے ہوئے بحال کیا گیا تھا اسی طرح سیلاب سے متاثر ہ ٹرینوں کا آپریشن بھی روک دیا گیا تھا۔ اس کو بھی رواں ماہ کے آغاز میں آپریشنل کر دیا گیا ہے۔ اس میں لاہور سے کراچی کے درمیان چلنے والی شالیمارایکسپریس ٹرین کو بحالی کیا گیا ہے۔ اسکا افتتاح ڈویژ نل سپرنٹنڈنٹ ریلوے سفیان سرفراز ڈوگر نے ڈپٹی ڈی ایس ریلوے عمران مشال اور دیگر ڈویژ نل افسران کے ہمراہ کیا اس موقع پر ٹرین کو خوبصورت نئی کوچز کے ساتھ منفرد انداز میں سجایا گیا تھا وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی ہدایت پر ٹرین کی بحالی کے ساتھ ساتھ مئی کے مہینے کیلئے کرایوں میں بھی نمایاں کمی کا اعلان کیا گیا ہے جس کے مطابق مسافروں کو کرایوں میں یکم مئی سے 15 تک تمام کلاسز میں 20 فیصد جبکہ 16 مئی سے 31 مئی تک تمام کلاسز میں 10 فیصد رعایت دی گئی ہے۔ مسافروں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے شالیمار ایکسپریس ٹرین کو لاہور سے کراچی جاتے ہوئے اور کراچی سے لاہور آتے ہوئے رائیونڈ، ساہیوال، ملتان، بہاولپور، خانپور، رحیم یارخان، روہڑی، نواب شاہ، حیردآباد کے علاوہ لانڑھی ریلوے سٹیشنوں پر رکنے کی اجازت دی گئی ہے۔ شالیمار ایکسپریس ٹرین میں 11 اکانومی کلاس، 2 اے سی بزنس کلاس، 2 اے سی سٹینڈرڈ کلاس، ایک پارلرکار، ایک اے سی ڈائنگ کار، ایک بریک وین کے علاوہ ایک پاور پلانٹ بوگیاں لگائی گئیں ہیں۔ لاہور سے کراچی تک کیلئے شالیمار ایکسپریس ٹرین کی اکوپینسی 112.35 فیصد رہی اسی طرح 1198 مسافروں کی بجائے 1346 مسافروں نے پہلے دن ٹرین میں بکنگ کروائی۔ ڈی ایس ریلوے لاہور نے صفائی ستھرائی کے حوالے سے شالیمار ایکسپریس ٹرین کی اکانومی کلاس، پارلر کلاس کے علاوہ ڈائنگ کار کا خصوصی طور پر معائنہ کیا۔ ٹرین کی بحالی کے موقع پر ڈی ایس ریلوے کا کہنا تھا کہ شالیمار ایکسپریس ٹرین میں مسافروں کو بہترین سفری سہولیات دستیاب ہوگی۔ شالیمار ایکسپریس ٹرین ریلوے کی پرانی اور مقبول ترین ٹرینوں میں شامل ہے۔



















