لاہور (کورٹ رپورٹر)پرویزالٰہی کی 2مقدمات میں حفاظتی ضمانت منظور، عدالت نے فوری گرفتاری سے بھی روکدیا،تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پرویز الٰہی گھر پر آپریشن کے دوران حملہ کیس میں ضمانت کیلئے لاہور ہائیکورٹ پہنچے، سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے تھانہ غالب مارکیٹ میں درج مقدمے میں حفاظتی ضمانت درخواست دائر کی۔
جسٹس اسجد جاوید گھرال نے درخواست پر سماعت کی،وکیل پرویز الٰہی نے کہااینٹی کرپشن کے درج مقدمے میں حفاظتی ضمانت ہائی کورٹ سے منظور ہوئی، روزانہ کی بنیاد پر مقدمات درج کئے جا رہے ہیںعدالت نے کہا اگر کوئی اور نیا مقدمہ درج ہوا ہے تو الگ سے دوبارہ درخواست دائر کریں،بعدازاں عدالت نے چودھری پرویز الٰہی کی حفاظتی ضمانت 15 مئی تک منظور کرتے ہوئے فوری گرفتاری سے روک دیا، عدالت نے چودھری پرویز الٰہی کو متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔
دریںاثناجسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں لاہور ہائیکورٹ کے 2رکنی بنچ نے پرویز الٰہی کی دہشتگردی کے مقدمے میں بھی 4 مئی تک حفاظتی ضمانت منظور کر لی،عدالت عالیہ نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کو متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کاحکم دےدیا۔
قبل ازیں ایک اور درخواست میں لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی گرفتاری کےلئے پولیس چھاپے فوری روکنے کی استدعا مسترد کردی ،لاہور ہائی کورٹ میں پرویز الٰہی کی رہائش گاہ پر پولیس اور اینٹی کرپشن کے آپریشن کےخلاف پرویز الٰہی کے بیٹے راسخ الٰہی کی درخواست پر سماعت ہوئی،درخواست گزار کے وکیل نے کہا پولیس اور اینٹی کرپشن کی جانب سے روز چھاپے مارے جار رہے ہیں، ہر روز نئی ایف آئی آر درج کرکے ریڈ کر دیا جاتا ہے، عدالت سے استدعا ہے پرویز الٰہی کو گرفتار کرنے اور نئے مقدمے درج کرنے سے روکا جائے۔
جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دئیے کس قانون کے تحت عدالت گرفتاری سے روک سکتی ہے، جب تک رپورٹ نہیں آتی کیسے آپ کی بات مان سکتے ہیں؟ پولیس کو اپنا زور لگانے دیں جب معاملہ عدالت آئے گا تو دیکھ لیں گے،عدالت نے آئی جی اور ڈی جی اینٹی کرپشن کو قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ڈی جی اینٹی کرپشن اور آئی جی پنجاب سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی
پرویزالٰہی کی 2مقدمات میں حفاظتی ضمانت منظور، عدالت نے فوری گرفتاری سے روکدیا
















