موجودہ جماعتوں کو 100سال بھی موقع ملے تو پاکستان نہیں بدلے گا،سراج الحق

لاہور (نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہے موجودہ جماعتوں کو 100سال بھی موقع ملے تو پاکستان نہیں بدلے گا، بنگلہ دیش نے ٹیکسٹائل سٹی بنائی، ترکیہ نے الیکٹرک کار بنانا شروع کردی، ایک حکمران کہتا تھا میں نے لنگرخانے بنوائے، ملک کو لنگر خانے نہیں کارخانوں کی ضرورت ہے،غریب مزدور پاکستان کی خاطر اپنا خون نچھاور کرکے ملک چلا رہاہے۔

پنجاب اسمبلی کے سامنے مزدور ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاجلسہ کرکے پاکستان کے مزدوروں کی نمائندگی کی گئی ، مزدوروں کی طرف سے حکومت سے بات کرنا چاہتا ہوں، پاکستان تو مزدور چلا رہا ہے اور وی آئی پی لوٹ رہا ہے، مزدوروں کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،مزدوروں کیلئے عزت والی چھت دیکھنا چاہتا ہوں، پاکستان میں 8 کروڑ مزدور ہیں، مزدوروں کے بچوں کی کفالت کا کوئی انتظام نہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا سیاسی لیڈروں ،حکومتوں نے مزدوروں کو دھوکہ دیا،75سالوں سے غریب عوام کا استحصال جاری ہے، پسینے مزدور بہاتا ،مزے کوئی اور لیتا ہے،غریب کے بچوں کو 2 وقت کی روٹی تک میسر نہیں،جاگیر داروں و سرمایہ داروں کو غریب کا کوئی احساس نہیں،ظلم و استحصال کے نظام کو بدلنا چاہتے ہیں تو ساتھ چلیں،موقع ملا تو بےروزگاروں کو الاونس دیں گے۔