نیویارک (مشرق نیوز) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ارکان نے یمن میں اقوام متحدہ کی ثالثی کی کوششوں کیلئے سعودی عرب اور سلطنت عمان کی مسلسل حمایت کا خیرمقدم کیا ہے۔ سلامتی کونسل نے تمام فریقوں سے مذاکرات جاری رکھنے اور امن کے عمل میں تعمیری انداز میں شامل ہونے کا مطالبہ بھی کیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق کونسل کے ارکان نے ایک پریس بیان میں کہا کہ حالیہ سعودی عمانی مذاکرات ایک جامع جنگ بندی تک پہنچنے اور یمن کیلئے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی ہینز گرینڈبرگ کی سرپرستی میں جامع یمنی سیاسی مذاکرات کے انعقاد کی جانب قابل قدر اقدامات کی نمائندگی کر رہے ہی۔ ان مذاکرات کی کوشش متفقہ شرائط اور متعلقہ سلامتی کونسل کے فیصلوں کے مطابق ہو رہی ہے۔سلامتی کونسل کے ارکان نے سعودی عرب اور سلطنت عمان کے دو وفود کے حالیہ دورہ یمن اور حوثیوں سے ان کی ملاقات کی بھی تعریف کی۔ کونسل نے کہا کہ سیاسی تصفیہ تک پہنچنے اور بالآخر یمنی عوام کے مصائب کے خاتمے کے لیے کوششوں کی مسلسل حمایت کی ضرورت ہے۔خیال رہے 9 اپریل کو سعودی اور عمان کے دو وفود نے دارالحکومت صنعا کا دورہ کیا تھا۔ انہوں نے یمن میں امن قائم کرنے کے لیے گہری علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر حوثی گروپ کے ساتھ گفت و شنید کی تھی۔
یمن جنگ میں ثالثی پر سعودی عرب کا خیر مقدم کرتے ہیں:سلامتی کونسل
















