چودھری رحمت علی میموریل ٹرسٹ کے زیر اہتمام پروجیکٹس ، کارگزاری پر سیمینار

اسلام آباد(بیورورپورٹ) چودھری رحمت علی میموریل ٹرسٹ قومی فلاحی ادارہ ہے جو گزشتہ 37 سالوں سے لاہور میں صحت اور تعلیم کے میدان میں خدمات سر انجام دے رہا ہے ۔ گزشتہ روز ادارے کے جاری پروجیکٹس اور گزشتہ سال کی کارکردگی سے آگہی کےلئے اسلام آباد میں ایک سیمینار کا اہتمام کیا گیا۔ چوہدری رحمت علی میموریل ٹرسٹ کے بہی خواہوں، میڈیا اور سول سوسائٹی کی ایک کثیر تعداد نے سیمینار میں شرکت کی۔ٹرسٹ کے ٹرسٹی اور سیکریٹری جنرل خالد محمود رسول نے اپنے تعارفی کلمات اور بعد ازاں تفصیلی گفتگو میں چوہدری رحمت علی میموریل ٹرسٹ کے بنیادی مقاصد اور اسکے ذیلی اداروں کا اجمالی تعارف پیش کیا اور کارگزاری سے حاضرین کا آگاہ کیا۔ ٹرسٹ کے تمام ادارے صحت اور تعلیم کی کوالٹی خدمات انتہائی ارزاں اور مستحق لوگوں کو فری مہیا کرتے ہیں۔ ٹرسٹ کے تحت 48بیڈ ہسپتال ، ایک بوائز ہائی سکول، ایک گرلز ہائی سکول، ایک جونئیر اسکول اور ایک دینی مدرسہ قائم ہے۔

گزشتہ سال ایک لاکھ ساٹھ ہزار سے زائد مریضوں کا علاج اور دیکھ بھال کی گئی۔ تعلیمی اداروں میں اڑھائی ہزار کے لگ بھگ طلبا و طالبات زیر تعلیم ہیں۔ انہوں نے مستقبل میں ان اداروں کی خدمات کو مزید وسعت دینے، اداروں کی صلاحیتوں میں مزید بہتری اور ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن کے لئے نئے منصوبوں کا خاکہ بھی پیش کیا۔ انہوں حاضرین کو آگاہ کیا کہ قومی ہیرو چوہدری رحمت علی کی یاد میں قائم میموریل ٹرسٹ کا دائرہ کار دیگر علاقوں اور شہروں میں پھیلانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ طبقات کو انتہائی ارزاں اور مستحق لوگوں کو فری صحت اور تعلیم کی خدمات فراہم کی جا سکیں ۔

اس موقع پر چوہدری رحمت علی کی یاد میں قائم پاکستان نیشنل موومنٹ کے صدر اور ممتاز اسکالر یوسف عزیز نے چوہدری رحمت علی کے ویژن اور تحریک پاکستان میں ان کے کردار کے ان گوشوں کو اجاگر کیا جن سے عوام الناس بالعموم شناسا نہیں۔ انہوں نے تاریخی حوالوں سے واضح کیا کہ تحریک پاکستان میں چوہدری رحمت علی کے کردار کو اپنوں پرایوں نے تسلیم کیا اور سراہا۔ انہوں نے مثالوں اور مستند حوالوں سے واضح کیا کہ چوہدری رحمت علی تحریک پاکستان کا درخشاں ستارہ تھے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کی خدمات اور کردار پر مزید علمی اور تحقیقی کی جائے۔تقریب کے شریک میزبان ڈاکٹر صفدر علی سہیل نے اپنے خطاب میں زور دیا کے چوہدری رحمت علی ٹرسٹ صحت اور تعلیم کے میدان میں قابل فخر خدمات سر انجام دے رہا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے ان خدمات کے ابلاغ کی کوششوں کو مربوط انداز میں جاری رکھا جائے اور ان کا دائرہ کار مزید علاقوں تک بڑھایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ ضرورت مند ان خدمات سے مستفید ہو سکیں۔