عید چھٹیوں میں عمران کو ہراساں نہ کرنے،تھریٹس کا جائزہ لےکر سکیورٹی فراہم کرنے کا حکم

اسلام آباد (بیورورپورٹ)عید چھٹیوں میں عمران کو ہراساں نہ کرنے،تھریٹس کا جائزہ لےکر سکیورٹی فراہم کرنے کا حکم،تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامرفاروق نے سابق وزیراعظم عمران خان کی عید کے دوران گرفتاری روکنے و کیسز کی تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی جانب سے ایڈووکیٹ فیصل چودھری عدالت میں پیش ہوئے،عمران خان کے وکیل نے کہا سراج الحق زمان پارک آئے مذاکرات کی اچھی کاوش ہوئی،اگلی دیکھا سندھ کے صدر کو اٹھا لیا گیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا واقعے سے ظاہر ہے ایک ”بیڈ ٹیسٹ“ پیدا ہوا،وکیل فیصل چودھری نے کہا خدشہ ہے عید کی 5 چھٹیوں میں پھر کوئی آپریشن کریں گے، چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا مقدمات کی تفصیلات تو طلب کر سکتا ہوں، اور کوئی خالی آرڈر کیسے کروں؟بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے عید کی چھٹیوں میں عمران خان کو ہراساں نہ کرنے کا حکم دےدیا اور سابق وزیراعظم کی درخواست پر حکومت کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کر لیا۔

ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست عید کے بعد تک زیر التوا رکھنے کی استدعا منظور کرتے ہوئے وفاق ،پولیس سے 27 اپریل تک عمران خان کے خلاف کیسز کی تفصیل طلب کرلی۔

دریں اثناچیئرمین پی ٹی آئی سے سکیورٹی واپس لینے کے معاملے پر درخواست پرسماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے کی،تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے عدالت نے حکم دیا تھریٹ اسیسمنٹ کمیٹی عمران خان کو تھریٹس کے لیول کا جائزہ لےکر سکیورٹی فراہم کرے،سکیورٹی اقدامات کے فیصلے مناسب مگر محسوس ہوتا ہے صرف کاغذوں کی حد تک ہیں، پٹیشنر کے وکیل نے کہا عمران خان بطور سابق وزیراعظم جس سکیورٹی کے حقدار ہیں وہ فراہم کی جائے۔

اسلام آباد آنے پر عمران خان کو سکیورٹی نہیں دی جاتی،عمران خان اپریل 2022 تک وزیراعظم رہے، قانون کے مطابق سابق وزیراعظم کی سکیورٹی کے حق دار ہیں،اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم نامے میں لکھا ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے مطابق عدالت میں پیشی کے موقع پر عمران خان کو فول پروف سکیورٹی دی گئی، تھریٹ اسیسمنٹ کمیٹی تھریٹس کی مناسبت سے سکیورٹی انتظامات کرتی ہے،عدالت نے کہا عمران خان کو سکیورٹی فراہم کرتے ہوئے حالیہ جان لیوا حملے اور تھریٹ لیول کو مد نظر رکھنا ضروری ہے۔