لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کو ہراساں کرنے سے روکدیا

لاہور،اسلام آباد (،کورٹ رپورٹر،بیورورپورٹ)8مقدمات میں استثنیٰ درخواست منظور، ضمانت میں توسیع،لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کو ہراساں کرنے سے روکدیا،خاتون جج دھمکی کیس میں قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری،تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب پولیس کو تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان کو ہراساں کرنے سے روکتے ہوئے کہاہے کیس کی سماعت تک سائل کےساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا۔

عمران خان نے متفرق درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اپنایا لاہور ہائیکورٹ کے 2رکنی بنچ نے درخواست سماعت کےلئے لارجر بنچ کو بھجوائی لیکن ریاستی مشینری کا استعمال کر کے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے،عید کے دنوں میں زمان پارک میں ممکنہ آپریشن روکنے کےلئے بھی لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی،اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر درخواست میں آئی جی پنجاب، چیف سیکرٹری سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا پولیس کی جانب سے عید کے دنوں میں زمان پارک میں آپریشن کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے، تمام کیسز میں ضمانت پر ہوں لیکن پولیس ہراساں کرنے کا ارادہ رکھتی ہے،عدالت سے استدعا ہے حکم امتناع جاری کیاجائے،بعدازاں جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 5رکنی لارجر بنچ نے عمران خان کی زمان پارک میں ممکنہ آپریشن روکنے اور تادیبی کارروائیوں کےخلاف درخواست پر سماعت شروع کی،بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا تمام کیسز میں عمران خان کی ضمانت ہو چکی، اطلاع ملی ہے عید کی چھٹیوں کے دوران کوئی آپریشن ہو سکتا ہے لہٰذا 5دن کےلئے ریلیف دے دیں کیونکہ 5دن کےلئے عدالتیں اور انصاف کے دروازے بند ہوں گے۔

جسٹس علی باقر نجفی نے کہا انصاف کے دروازے کبھی بند نہیں ہوتے،پنجاب حکومت کے وکیل نے کہابڑا حیران ہوں درخواست گزار پرمیشن لینا چاہتا ہے کوئی آپریشن نہ ہو، کس بنیاد پر کہہ رہے ہیں آپریشن ہو گا اگر کوئی پلاننگ ہے تو ثبوت فراہم کریں،قانون نتھو اور پتھو سب کےلئے برابر ہونا چاہیے، درخواست محض خدشات کی بنیاد پر دائر کی گئی اس موقع پر جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہاپرانے کیسز میں کوئی کارروائی نہیں ہو گی کیا آپ بیان دیتے ہیں؟۔

پنجاب حکومت کے وکیل غلام سرور نہنگ نے کہا لیگل پروسیڈنگز جن کیسز میں جاری ہیں وہ جاری رہیں گی،جسٹس علی باقر نجفی نے کہا یہی سوال آپ سے ایک اور انداز سے پوچھتے ہیں آپ انہیں عید کرنے دیں گے یا نہیں،پنجاب حکومت کے وکیل نے کہاجے آئی ٹی بنائی گئی لیکن جے آئی ٹی کو کام سے نہیں روکا جا سکتا،جسٹس عالیہ نیلم نے کہا اگر درخواست گزار ضمانت پر ہیں تو آپ چھو بھی نہیں سکتے، قانونی کارروائی روکنے کا نہیں کہہ رہے،بعدازاں لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا پنجاب حکومت کے وکیل کے بیان کی روشنی میں کیس کی سماعت تک سائل کےساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا۔

لاہور ہائی کورٹ نے عمران خان کو ہراساں کرنے سے بھی روک دیا،لاہور ہائی کورٹ نے عمران خان کی درخواست پر جلد سماعت کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا مرکزی درخواست 2 مئی کو سماعت کےلئے مقرر ہے ،جلد سماعت کی ضرورت نہیں۔

ادھر اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ درخواست منظور کرتے ہوئے عبوری ضمانت میں 3 مئی تک توسیع بھی کردی،چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے سابق وزیراعظم عمران خان کی 8 مقدمات میں ویڈیو لنک پر عدالتوں میں پیشی کی درخواست پر سماعت کی،ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دگل نے جوابی دلائل دیتے ہوئے کہا دیکھنا ہو گا کیا کریمنل کیس میں کوئی رول ویڈیو لنک کی اجاذت دیتا ہے؟۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے ذاتی طور پر میں سمجھتا ہوں ٹیکنالوجی کا جہاں ہوسکے استعمال ہونا چاہیے، بھارتی سپریم کورٹ تو ویڈیو لنک پر فیصلہ دے چکی ،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا ایک اور سابق وزیر اعظم کو اپیل میں بھی ویڈیو لنک کی سہولت نہیں ملی،چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا آپ نے یہاں سیاسی پہلو پر دلائل نہیں دینے، عمران خان بڑی یا سب سے بڑی پارٹی کے سربراہ ہیں، کوئی اس بات کو پسند کرے یا نہ کرے الگ بات ہے۔

عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے ویڈیو لنک پر عدالت میں پیش ہوکر کہا میں میشا شفیع کیس پر انحصار کرنا چاہوں گا،چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے ٹیکنالوجی کا جہاں استعمال ہو سکتا ہے ہونا چاہےے، سارا معاملہ لیکن صرف عمران خان کی حد تک نہیں، درخواست پر فیصلے کے دیگر مقدمات پر بھی اثرات ہوں گے، شواہد ریکارڈ ہونے کے دوران تو میشا شفیع کیس کا اطلاق ٹھیک ہے، کیس میں فرد جرم بھی عائد ہونا ہوتی ہے کیا وہ بھی ویڈیو لنک پر ہو گی؟۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا فرد جرم میں ملزم کی موجودگی صرف ملزم کے فائدے کےلئے ہوتی ہے، مقصد یہ ہوتا ہے ملزم خود سن سکے الزام کیا ہے، مقصد ویڈیو لنک پر بھی پورا ہو سکتا ہے، عمران خان کی گزشتہ 2 پیشیوں پر سکیورٹی مسائل پیدا ہوئے،بعدازاں عدالت نے عمران خان کی ویڈیو لنک پر عدالتوں میں پیشی کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ درخواست منظور کر لی،اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی 8 مقدمات میں عبوری ضمانت میں 3 مئی تک توسیع کر دی اور حکم دیا آئندہ سماعت پر عمران خان پیش نہ ہوئے تو ضمانت منسوخ ہو جائے گی۔

مزید بر آںاسلام آباد کی مقامی عدالت نے خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں ایک بار پھر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے اور وارنٹ کی تعمیل زمان پارک میں کرنے کی ہدایت کر دی،جوڈیشل مجسٹریٹ ملک امان نے عمران خان کو 20 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کاحکم بھی دےدیا۔