مشروط مذاکرات قبول نہیں،حکومتی اتحادی

اسلام آباد،راولپنڈی (بیورورپورٹ)مشروط مذاکرات قبول نہیں،حکومتی اتحادیوں نے واضح پیغام دےدیا،تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اہم اجلا س ہوا،حکومتی اتحادی رہنما وں نے موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، وزیر اعظم شہباز شریف نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ہونےوالی ملاقات پر شرکاکو آگاہ کیا۔ پیپلز پارٹی نے سیاسی جماعتوں سے ہونےوالی مشاورت پر بریفنگ دی جبکہ معاشی حالات پر اتحادی رہنماوں نے تحفظات کا اظہار کیا۔

حکومتی اتحاد نے کسی بھی سیاسی فریق سے مشروط مذاکرات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا سیاست میں بات چیت کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں، آگے بڑھنے کیلئے کسی کو بھی شرائط طے نہیں کرنی چاہئیں، ملک کی خاطر بے لوث و بامقصد بات چیت کرنے کیلئے تیار ہیں،اتحادیوں نے عمران خان کے روئیے کو ہٹ دھرمی قرار دیتے ہوئے کہا قوم میں نفرتیں پھیلانے والے مذاکرات میں بھی سنجیدہ نہیں، اقتدار کو ایک سال مکمل ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

شرکا نے کہا ایک سال کے دوران چیلنجز و مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا گیا، قوم کو تنہا نہیں چھوریں گے،اجلاس میں عدالتی امور پر قانونی ٹیم نے تفصیلی بریفنگ دی، قانونی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا گیا، وزیر اعظم نے فرداً فرداً تمام رہنماوں سے موجودہ سیاسی صورتحال پر رائے لی، تمام اتحادی جماعتوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا،ذرائع کے مطابق اجلاس میں عمران خان یا تحریک انصاف سے بیک ڈور رابطوں کا بھی جائزہ لیا گیا، قومی اسمبلی سے منظور کردہ قوانین آج سینٹ سے منظور کرائے جائیں گے۔

اتحادی جماعتوں میں اتفاق رائے کے بعد تحریک انصاف سے مذاکرات کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا،اجلاس میں جے یو آئی نے مذاکرات کی مخالفت کرتے ہوئے موقف اپنایا عمران خان کوئی سیاسی قوت نہیں، پی ٹی آئی سے ڈائیلاگ کی مخالفت کرتے ہیں، شاہ زین بگٹی نے کہا ڈائیلاگ کے مخالف نہیں تاہم عمران خان جھوٹا انسان،بھروسے کے لائق نہیں۔

اس موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن سے مذاکرات کے معاملے پر اصرار کرتے ہوئے کہا بات چیت کے دروازے بند کر لینا نہ صرف اصولوں کے برخلاف بلکہ غیرجمہوری و غیرسیاسی بھی ہے،وقت کی ضرورت ہے ڈائیلاگ کا راستہ اختیار کرکے ملک کو بحران سے نکالا جائے،ایم کیوایم ، بی این پی،خالد مگسی، چودھری سالک اور محسن داوڑ نے بلاول بھٹو کے مو¿قف کی تائید کردی،ذرائع کے مطابق اپوزیشن سے مذاکرات کے معاملے پر اختلاف کے بعد حکومتی اتحادیوں کا اجلاس کسی اتفاق رائے کے بغیر ختم ہوگیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا دنیا میں ایسا نہیں ہوا قانون اصل شکل میں نہیں آیا 3رکنی بنچ نے کہا نافذ العمل نہیں ہوگاجس کشتی میں سوار ہیں اتحادی مل کر کنارے لگائیں گے، منجدھار میں نہیں چھوڑیں گے،اکیلا کچھ نہیں کر سکتاتھا ،اتحادیوں کے متحد رہنے سے مخالفین کی نیندیں حرام ہو چکیں۔

اتحادی مشاورت سے فیصلے کرتے ہیں، فیصلے تھوپتے نہیں،آئی ایم ایف کےساتھ معاہدے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے سول و فوجی قیادت نے بھرپور کوششیں کیں،وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری،فضل الرحمن سمیت تمام اتحادیوں نے بھرپور ساتھ دیا، سابق صدر آصف زرداری، سابق وزیراعظم نواز شریف سمیت تمام اتحادی جماعتوں نے بھرپور تعاون،ساتھ دیا، بہت مشکلات ہیں، نیک مقصد کیلئے کام کر رہے ہیں، لوٹ مار ،کرپشن نہیں ہو رہی، ،کابینہ، پارلیمنٹ اور عدالت عظمیٰ کے درمیان گزشتہ کچھ ہفتوں سے بعض معاملات چل رہے ہیں۔

دنیا حیران و پریشان ہے کبھی آج تک ایسا نہیں ہوا ایک قانون جس نے حتمی شکل اختیار نہیں کی اور عدالت عظمیٰ کا 3رکنی بنچ کہہ دے صدر قانون پر کوئی رائے دے یا نہ دے، نافذ العمل نہیں ہو گا، وزیر اعظم نے کہابار کونسلز حکومتی محبت میں نہیں قانون کی عملداری اور ایسے فیصلے جس سے آئین، ضعف اور عدل کے نظام کو نقصان پہنچ سکتا ہے کےخلاف کھڑی ہو گئیں، وہ کہتے ہیں فیصلہ انصاف کے تقاضوں کے مطابق نہیں، وزیراعظم نے کہا تمام امور پر سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے کھل کر اپنی رائے کا اظہار کیا، بات گواہی ہے اتحادی حکومت صدق دل سے کوشش کر رہی ہے سفر کو منطقی انجام تک پہنچائے، رکاوٹیں دور کریں۔

وزیراعظم نے کہامخالفین کی نیندیں حرام ہو گئیں اتحاد برقرار ہے اور ٹوٹا کیوں نہیں، اتحاد کامیابی ہے، مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے،آئی ایم ایف کا معاملہ آخری مرحلے میںہے، پیسوں کی آخری شرط بھی پوری کر دی ، وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے نیندیں حرام کرکے کوشش کیں، وزیر خارجہ نے بھرپور کوششیں کیں، ملک کیلئے خلوص، درد اور عزم کا اظہار ہے، سپہ سالار نے بھی بے پناہ کاوشیں کیں اسی ماہ کے آخر میں چین کے نئے وزیراعظم سے بات ہو گی،وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے امریکہ کےساتھ بات چیت اور وزیر مملکت خارجہ حنا ربانی کھر نے 4 ممالک کے اجلاس سے آگاہ کیا،اجلا س میں مرحوم وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کیلئے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔