عمران کی تادیبی کارروائی کےخلاف درخواست فل کورٹ کو ارسال

لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائی کورٹ میں سابق وزیر اعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی خود پر درج مقدمات کے اندراج اور تادیبی کارروائی کےخلاف درخواست فل بنچ کو ارسال کردی گئی،عمران خان نے خود پر ایک ہی نوعیت کے 100سے زائد مقدمات کے اندراج و تادیبی کارروائی کےخلاف لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔

جسٹس طارق سلیم شیخ اور جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے عمران خان کی درخواست پر سماعت کی، حکومت پنجاب کے وکیل غلام سرور نہنگ نے عمران خان کی درخواست پر اعتراض کرتے ہوئے کہا درخواست گزار کو پکڑا جائے نہ تحقیقات کی جائیں اور نہ مقدمہ درج کیا جائے، پولیس تحقیقات کے اختیارات میں رکاوٹ نہیں ڈالی جا سکتی اگر انکوائری جوائن نہیں کریں گے تو تفتیش کیسے ہو گی ، درخواست ہائیکورٹ میں نہیں ہو سکتی ،فوجداری کارروائی پر حکم امتناعی جاری نہیں ہو سکتا۔

جسٹس طارق سلیم شیخ نے حکومت پنجاب کے وکیل سے استفسار کیا کیا آپ بیان دے سکتے ہیں پرانے معاملے پر نئی ایف آئی آر درج کر کے کارروائی نہیں کریں گے؟،سماعت کا دوبارہ آغاز ہوا تو 2 رکنی بنچ نے عمران خان کی درخواست فل بنچ کو بھجوا دی،عدالتی نوٹ میں کہا گیا فل کورٹ بنچ اسی نوعیت کے کیسز کی سماعت کر رہا ہے، چیف جسٹس یہ کیس بھی متعلقہ بنچ کے پاس بھجوا دیں۔