متروکہ وقف املاک: سیکرٹری بورڈ کی جعلی کرایہ وصولی، ادارے کو لاکھوں کا نقصان، رپورٹ وزیراعظم آفس کو ارسال

لاہور( رپورٹ:علی جنید) وفاقی وزارت مذہبی و اقلیتی امور کی جانب سے 6ماہ قبل بطورسیکرٹری بورڈ متروکہ وقف املاک تعینات کئے گئے افسر کی طرف سے اہم ترین سیٹوں پر تعینات ذمہ داران کی ملی بھگت سے چیئرمین کی آنکھوں میں دھول جھونکتے ہوئے دھوکہ دہی سے HRS کی مد میں لاکھوں روپے کا فراڈ کرنے کا انکشاف ہوا ہے جس پر حساس ادارے کی جانب سے تفصیلی رپورٹ وزیراعظم کو ارسال کردی گئی ہے۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ارسال کی گئی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزارت مذہبی و اقلیتی امور کی جانب سے سال 2022ءمیں ناصر اکرم کو بطور سیکرٹری بورڈ 19 ویں گریڈ میں تعینات کیا گیا تھا۔ بعد ازاں ناصر اکرم نے متروکہ وقف املاک بورڈ کے ریٹائرڈ ملازم رئیس احمد خان ولد سعید احمد خان کی ملی بھگت سے اسکا مکان پلاٹ نمبر 35 خسرہ نمبر 5042 کی رجسٹری کی کاپی حاصل کی جس کا رقبہ 4مرلہ ہے اور ٹیکنیکل برانچ سے جعلی سروے کروا دیا گیا کہ رئیس احمد خان کا مکان متروکہ وقف املاک بورڈ ایمپلائز سوسائٹی کوٹلی پیر عبد الرحمان باغبانپورہ لاہور میں واقع ہے اور ٹیکنکل برانچ نے رپورٹ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کو پیش کی لیکن کیونکہ چیئرمین حقائق سے نا آشنا تھے لہٰذا انہوں نے ناصر اکرم کے ہاو¿س رینٹ HRS کی ماہانہ 46816 ہزار کی منظوری جاری کردی ۔ تاہم وزیر اعظم کو ارسال کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سیکرٹری بورڈ ناصر اکرم مزنگ کے علاقہ میں قائم ایک ہاسٹل میں اپنے قریبی عزیز کے ساتھ رہتے ہیں جبکہ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ رئیس احمد خان کا مذکورہ مکان 2پورشن پر مشتمل ہے جہاں 2 مختلف کرایہ دار مقیم ہیں۔ گراﺅنڈ فلور پر معظم اور فرسٹ فلور پر آفاق رہائش پذیر ہیں جبکہ ان کرایہ داروں کا متعلقہ پولیس سٹیشن ہربنس پورہ میں کرایہ داری کا ریکارڈ بھی درج نہیں کروایا گیا ہے اور رئیس احمد خان خود متروکہ وقف کالونی راوی روڈ میں اپنے بیٹے کے ساتھ سرکاری کوارٹر میں رہائش پذیر ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکرٹری بورڈ گزشتہ چھہ ماہ سے دھوکہ دہی کے ذریعے گھر کا کرایہ وصول کر رہے ہیں جبکہ دوسری طرف حیرت انگیز امر یہ ہے کہ شعبہ ایڈمن کو اس فراڈ کا بخوبی علم ہے اسکے باوجود چیئرمین حبیب الرحمان گیلانی کو آگاہ نہیں کیا گیا۔ رپورٹ میں شواہد کے طور پر پی ایم او کو مختلف دستاویزات بطور شواہد بھی ارسال کئے گئے ہیں۔