لاہور(زوار حسین کامریڈ سے)سیاسی عدم رواداری کے خاتمہ کے لیے مذہب کوریاست سے الگ اورلیڈرز کی بجائے سیاسی جماعتوں کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے،سیاسی عدم رواداری کا رویہ ہرشعبہ ہائے زندگی کےلوگوں میں موجود ہے مگرمورد الزام صرف سیاستدانوں کو ٹھہرایا جاتا ہے،گرینڈ ڈائیلاگ سے بڑھتے ہوئے انتشار، تقسیم اورعدم برداشت کو ختم کیا جا سکتا ہے،ان خیالات کا اظہار رواداری تحریک کے زیر اہتمام ”سیاست میں عدم برداشت“ اثرات اور سیاست کا مستقبل کے موضوع پر منعقدہ سیمینار اور تعاملی مکالمہ کے مقررین نے خطاب اور شرکاءنے سوال و جواب کے سیشن میں اظہار خیال کرتے ہوے کیا ۔
پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما، صدرسینٹرل پنجاب کلچرل ونگ اور نظم ”میں باغی ہوں“کے شہرہ آفاق شاعرڈاکٹرخالد جاوید جان نے کہا عدم رواداری طاقت کے حصول کے لیے ہر جائز و نا جائزعمل کرنے سے وقوع پذیر ہوتی ہے جبکہ پاکستان جیسے سماج میں مذہب کے نام پر بھی لوگوں کو جذباتی کیا جاتا ہے انہوں نے کہا پاکستان پیپلز پارٹی نے قوم کو یکجا کرنے کے جومتفقہ آئین دیا اس کی ہر شق رواداری. برداشت اور مکالمہ و جمہوری رویوں کا عملی مظہر ہے انہوں نے کہا مذہب کو ریاست سے الگ کر کےعدم رواداری کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔
چیئرمین ہسٹری ڈپارٹمنٹ پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹرمحبوب حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ رواں ماہ پاکستان کے آئین کی تخلیق و تشکیل کی گولڈن جوبلی ہے تاریخ بتاتی ہے کہ اس وقت وفاقی حکومت نے صوبہ سرحد و بلوچستان کی اسمبلیاں تحلیل کر رکھی تھیں مگر ان دونوں صوبوں کی سیاسی جماعتوں نے تمام اختلافات بھلا کر آئین پاکستان بنانے میں متفقہ کردار ادا کیا تھا انہوں نے کہا آج رواداری کے انہی جذبوں کی طرح تمام سیاسی پارٹیوں کی یکجہتی کی اشد ضرورت ہے انہوں نے کہا موجودہ حالات سے نجات گرینڈ ڈائیلاگ سے ممکن ہے ۔
سابق ایم پی اے و مسلم لیگ نون کی رہنما راحیلہ خادم حسین نے کہا کہ نوے کی دہائی میں سیاستدانوں نےجومنفی کردار ادا کیے انھیں طاقتور اداروں نے کروایا مگر دو دہائی قبل سیاستدانوں نے برد باری کے ساتھ چارٹر آف ڈیمو کریسی کیا جس سے سیاسی جماعتوں نے مستحکم ہونا تھا مگر اسے ناکام بنانے کے لیے نفرت و اشتعال کی سیاست کرنے والی تیسری پارٹی سے سیاسی عمل کو پراگندا کیا جا رہا ہے انہوں نے کہا حالات کو درست کرنے کا واحد راستہ مکالمہ ہے۔
پی ٹی آئی کی رہنما و سابق ایم پی اے محترمہ سعدیہ سہیل رانا نے کہا سیاسی ورکرز کو تربیت کی ضرورت ہے چیئرمین رواداری تحریک سیمسن سلامت نے خطاب کرتے ہوئے کہا 75 سالوں سے کہا جا رہا تھا ملک نازک حالات سے گزر رہا ہے مگر آج واقعی ملک و قوم کے لیے نازک ترین دور ہے انتہا پسندی، عدم رواداری اورعدم برداشت نے پچاسی ہزار قیمتی جانیں لے لیں سیاسی عدم برداشت آج جس نہج پر ہے سیاسی جماعتوں سے سپرئیر جوڈیشنری تک تنازعات جس رخ پر آ چکے ہیں اگر ایک قدم بھی مزید آگے بڑھے تو ہمیں نا قابل تلافی اور بد ترین نقصان پہنچے گا انہوں نے کہا جمہوریت مکالمہ کا نام ہے مگر سیاسی جماعتیں بات کرنے کو تیار نہیں مگر ان سب پارٹیوں کو آنا چھوڑنا ہو گی اور گرینڈ مکالمہ کا فوری طور پر آغاز کرنا ہو گا۔
روارداری تحریک کی طرف سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا تمام سیاسی پارٹیاں گالی گلوچ کی سیاست کو ترک کریں، ریاست کے تمام ادارے آئینی حدود میں کام کریں اور پاکستان کے عوام ذمہ دار شہری بنیں سیمینار سے سابق صوبائی وزیر، رہنما مسلم لیگ ق میاں عمران مسعود ، سینئر نائب صدر پی ٹی ائی پنجاب سیما انواراور سول سوسایٹی نیٹ ورک کے عبدللہ ملک نے بھی خطاب کیا تقریب کے شرکا میں سینئر صحافی ، گروپ ایڈیٹر روزنامہ ”مشرق“اشرف سہیل ، عوامی ورکر پارٹی پنجاب کے رہنما حر عباس نقوی ، ڈاکٹر عادل غوری اور عمیر احمد کے نام نمایاں ہیں ۔
انتشار،تقسیم ختم کرنے کیلئے گرینڈ ڈائیلاگ ناگزیر ہے،رواداری تحریک کے زیراہتمام سیمینار
















