اسلام آباد،لاہور (بیورورپورٹ،اپنے رپورٹر سے)صدر مملکت عارف علوی نے عدالتی اصلاحات بل نظرثانی کیلئے واپس پارلیمنٹ کو بھیج دیااور کہا بل قانونی طور پر مصنوعی و ناکافی ہونے پر عدالت میں چیلنج کیا جا سکتا ہے ،جانچ پڑتال کےلئے دوبارہ غور کرنا چاہیے، واپس کرنا مناسب ہے۔
ایوان صدر سے جاری بیان میں کہا گیا صدر مملکت عارف علوی نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل آرٹیکل 75کے تحت نظر ثانی کےلئے پارلیمنٹ کو واپس بھجوادیا اور کہا بادی النظر میں بل پارلیمنٹ کے اختیار سے باہر ہے،آئین سپریم کورٹ کو اپیل، ایڈوائزری، نظرثانی و بنیادی سماعت کا اختیار دیتا ہے اور مجوزہ بل آرٹیکل 184تھری عدالت کے ابتدائی اختیار سماعت سے متعلق ہے،بل کا مقصد ابتدائی اختیار سماعت استعمال کرنے اور اپیل کرنے کا طریقہ فراہم کرنا ہے، خیال قابل تعریف ہو سکتا ہے مگر کیا مقصد آئین کی دفعات میں ترمیم کے بغیر حاصل کیا جا سکتا ہے۔
تسلیم شدہ قانون تو یہ ہے آئینی دفعات میں عام قانون سازی کے ذریعے ترمیم نہیں کی جاسکتی، آئین اعلیٰ قانون اور قوانین کا باپ ہے، آئین کوئی عام قانون نہیں بلکہ بنیادی اصولوں، اعلیٰ قانون و دیگر قوانین سے بالاتر قانون کا مجسمہ ہے،صدر مملکت نے کہا آرٹیکل 191سپریم کورٹ کو عدالتی کارروائی و طریقہ کار ریگولیٹ کرنے کےلئے قوانین بنانے کا اختیار دیتا ہے، آئین کی دفعات کے تحت سپریم کورٹ رولز 1980بنائے گئے جن کی توثیق خود آئین نے کی ،سپریم کورٹ رولز 1980پر اسی وقت سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے اور جانچ شدہ قواعد میں چھیڑ چھاڑ عدالت کی اندرونی کارروائی، خود مختاری و آزادی میں مداخلت کے مترادف ہو سکتی ہے۔
صدر مملکت نے کہا مملکت ریاست کے 3ستونوں کے دائرہ اختیار، طاقت اور کردار کی وضاحت آئین نے ہی کر دی ، آرٹیکل 67کے تحت پارلیمان کو آئین کے تابع رہتے ہوئے اپنے طریقہ کار و کاروبار کو منظم کرنے کےلئے قواعد بنانے کا اختیار حاصل ہے،آرٹیکل 191کے تحت آئین و قانون کے تابع رہتے ہوئے سپریم کورٹ اپنی کارروائی و طریقہ کار کو ریگولیٹ کرنے کے قواعد بنا سکتی ہے، آرٹیکل 67اور 191ایک دوسرے سے ملتے جلتے ہیں،آرٹیکل 67اور191قواعد بنانے کےلئے دونوں کی خودمختاری کو تسلیم کرتے ہیں اور اداروں کو اختیار میں مداخلت سے منع کرتے ہیں،عدلیہ کی آزادی کو مکمل تحفظ دینے کےلئے آرٹیکل 191کو دستور میں شامل کیا گیا اور اسی آرٹیکل کے تحت سپریم کورٹ کو پارلیمنٹ کے قانون سازی کے اختیار سے باہر رکھا گیا۔
پارلیمنٹ کا قانون سازی کا اختیار بھی آئین سے ہی اخذ شدہ ہے، آرٹیکل 70وفاقی قانون سازی کی فہرست میں شامل کسی بھی معاملے پر بل پیش کرنے اور منظوری سے متعلق ہے،صدر مملکت نے کہا آرٹیکل 142اے کے تحت پارلیمنٹ وفاقی قانون سازی کی فہرست میں کسی بھی معاملے پر قانون بنا سکتی ہے، فورتھ شیڈول کے تحت پارلیمنٹ کو سپریم کورٹ کے علاوہ تمام عدالتوں کے دائرہ اختیار و اختیارات پر قانون سازی کا اختیار ہے،فورتھ شیڈول کے تحت سپریم کورٹ کو خاص طور پر پارلیمان کے قانون سازی کے اختیار سے خارج کیا گیا ۔
صدر مملکت نے مجوزہ بل واپس کرتے ہوئے کہا بل بنیادی طور پر پارلیمنٹ کے دائرہ اختیار سے باہر ہے اور بل کے پہلووں پر مناسب غور کرنے کی ضرورت ہے
صدر مملکت نے عدالتی اصلاحات بل پارلیمنٹ کو واپس بھیج دیا


















