چیف سیکرٹری پنجاب کا گداگری کی روک تھام کیلئے مہم شروع کرنے کا حکم

لاہور( اپنے رپورٹر سے)چیف سیکرٹری پنجاب نے گداگری کی روک تھام کیلئے مہم شروع کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ پیشہ ور بھکاریوں کی حوصلہ شکنی ضروری ہے۔ انہوں نے یہ ہدایات گداگری کی روک تھام کے سلسلے میںاقدامات کا جائزہ لینے کیلئے سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔سیکرٹری سوشل ویلفیئر ، کمشنر لاہور ڈویژن، سی سی پی او لاہور اور متعلقہ حکام نے اجلاس میںشرکت کی۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ گداگری ایک سماجی برائی ہے اور اسکا سدباب ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ منظم گروہ عورتوں اور بچوں سے بھیک منگوانے میں ملوث ہیں۔ چیف سیکرٹری نے حکم دیا کہ پیشہ ور بھکاریوں کیخلاف کریک ڈاﺅن شروع کیا جائے اور اس سلسلے میں لاہور میں خصوصی سکواڈ قائم کئے جائیں۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ بھکاری بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کر دیا جائے ۔ انہوں نے گداگری کی روک تھام کیلئے پولیس کو ضلعی انتظامیہ کو معاونت فراہم کرنے سے متعلق بھی ہدایات جاری کیں۔سیکرٹری سوشل ویلفیئر نے اجلاس کو بریفنگ میں بتایا کہ گداگروں کی بحالی کیلئے ویلفیئر ہوم کام کر رہا ہے۔