مہنگائی کے تناسب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے:اوقاف پنجاب ایمپلائز یونین
لاہور (قمر عباس نقوی) اوقاف پنجاب ایمپلائز یونین سی بی اے (رجسٹرڈ) کے مرکزی عہدیداران نے روزنامہ ”مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی کے تناسب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے۔ امید کرتے ہیں کہ سیکرٹری اوقاف 40فیصد ڈسپیرٹی الاﺅنس کی جلد منظوری دےکر ملازمین کے مالی مسائل حل کرنے میں مدد دیں گے۔ محکمہ اوقاف اپنے وسائل سے تمام اخراجات پورے کرتا ہے حکومت پنجاب کو چاہیے کہ وہ دیگر محکمہ جات کی طرح اوقاف کو بھی فنڈز جاری کئے جائیں۔ سیکرٹری اوقاف کی تعیناتی سے محکمہ کی آمدنی بہتری کی طرف جارہی ہے اور ملازمین کو ماضی کے درپیش مسائل کو حل کیا جارہا ہے جو کہ مثبت پیشرفت ہے۔ صدر اوقاف پنجاب ایمپلائز یونین (سی بی اے) محمدرفیق نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کے طوفان نے سرکاری ملازمین کو مالی مسائل میں مبتلا کررکھا ہے حکومت کو چاہیے کہ وہ ہماری تنخواہ میں مہنگائی کے تناسب کے مطابق فی الفور اضافہ کرے۔ اوقاف پنجاب اپنے محدود وسائل سے ملازمین کی تنخواہ سمیت دیگر اخراجات کو مشکل سے پورا کر رہا ہے۔ حکومت پنجاب کو چاہیے کہ وہ دیگر محکمہ جات کی طرح اوقاف کو بھی فنڈز جاری کرے تاکہ محکمہ خراب مالی حالات سے نجات حاصل کر سکے۔ جنرل سیکرٹری محمد ہمایوں مجید نے کہا سیکرٹری اوقاف کی تعیناتی کے بعد محکمہ کی آمدنی میں بہتری کی خاطر ارضیات کی کمرشل مقاصد کےلئے نیلامی خوش آئند ہے۔ اس سے محکمہ کے مالی حالات میں بہتری آئے گی اس کے اثرات ملازمین پر بھی مثبت ہوں گے ملازمین کی اپ ترقی کے مسائل بھی حل ہو تے دکھائی دے رہے ہیں۔ سینئر نائب صدر محمد عرفان کا کہنا ہے، مہنگائی نے ملازمین کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، دو وقت کا کھانا بھی غریب ملازم کےلئے مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ سرکاری ملازم کی تنخواہ میں گھر کا بجٹ بنانا مشکل ہو چکا ہے اوقاف ملازمین کے مالی مسائل کو حل کرنے کی خاطر حکومت پنجاب کو چاہیے کہ وہ کوئی خصوصی اعلان کرے تاکہ انکے گھر کا چولہا آسانی سے روشن رہے۔ مزید ان حالات میں گزارا نہیں ہو سکتا۔ جوائنٹ سیکرٹری محمد یوسف نے کہا سرکاری ملازمین کا موجودہ مہنگائی سے گزر بسر مشکل ہی نہیں ناممکن ہو چکا ہے۔ حکومت کی جانب سے ملازمین کی تنخواہوں میں معمولی اضافہ سے فائدہ حاصل نہیں ہو رہا کیونکہ ملک میں مہنگائی میں اضافہ یومیہ کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے۔ اگر مہنگائی کو روکنا ممکن نہیں تو ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ بھی اس تناسب سے کیا جائے اگر ملازمین کو ریلیف فراہم نہ کیا گیا تو حالات خراب ہونے کی وجہ سے ملازمین دلبرداشتہ ہو جائیں گے جس سے ان کی کارکردگی پر منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔ نائب صدر غلام عباس کا کہنا ہے کہ اوقاف ملازمین کے مالی مسائل پہلے سے ہی خراب ہیں کیونکہ ان کو دیگر اداروں کی طرح حکومت پنجاب کی طرف سے فنڈز جاری نہیں کی جاتے اپنے وسائل سے گزارا کر رہا ہے جس کی وجہ سے حکومت کی جانب سے منظوری کئے جانےوالے الاﺅنس کی منظوری کا عمل تاخیر کا شکار رہتا ہے۔ اس اعلان کا اوقاف ملازمین کو کو ئی مالی فائدہ نہیں پہنچتا کیونکہ ادائیگی کی خاطر اوقاف کے پاس فنڈز موجود نہیں ہوتے۔ اگر محکمہ اوقاف کو بھی حکومت کی جانب سے مالی تعاون دیا جائے تو ان کے مالی مسائل میں کچھ بہتری ہو سکے گی۔ اگر اوقاف ملازمین کے مہنگائی کے مطابق تنخواہوں میں فی الفور اضافہ نہ کیا گیا تو ملازمین اور انکے خاندان کو فاقوں پر مجبور کر دےگا جس کے نتیجہ میں ملازمین خود کشی پر مجبور ہو جائیں گے۔ بہتر ہے کہ ملازم کو مرنے کے بعد اسکے خاندان کو مالی فائدہ دیا جائے اسکی زندگی میں ہی اس طرح کا فیصلہ کیا جائے تاکہ وہ خود کشی نہ کرے۔



















