پاکستان نیوی کا دوسرا بحری جہاز امدادی سامان کے ساتھ ترکیہ پہنچ گیا
اسلام آباد (بیورو رپورٹ)بین الاقوامی انسانی ہمدردی اور ڈیزاسٹر ریلیف مشن پر تعینات پاک بحریہ کا دوسرا جہاز پی این ایس معاون ترکیہ کے شہر مرسن پہنچ گیا۔ جہاز پر موجود امدادی سامان کی دوسری کھیپ میں زلزلہ متاثرین کیلئے موسم سرما کے خیمے اور کمبل شامل ہیں۔ ترک بحریہ کے حکام اور پاکستان کے سفارتی عملے نے جہاز کا پرتپاک استقبال کیا۔ ترک بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے یوم پاکستان کی مناسبت سے پی این ایس معاون پر ایک سادہ اور پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں ترک حکومت اور عسکری حکام نے شرکت کی جن میں مرسن کے گورنر اور ترک نیول فورسز کے چیف آف سٹاف کے علاوہ ترکی میں تعینات پاکستان کے سفیر بھی شامل تھے۔ تقریب میں پاک بحریہ کے مشن کمانڈر نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل امجد خان نیازی اور پاکستانی عوام کی جانب سے ترکیہ میں جانی و مالی نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا اور ضرورت کے وقت برادر ممالک کے ساتھ کھڑے ہونے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ترک حکام نے حکومت پاکستان کی طرف سے فراہم کی جانے والی امداد کو سراہا۔ اندرون ملک پاک بحریہ نے یوم پاکستان روایتی جوش و جذبے سے منایا۔ دن کا آغاز توپوں کی سلامی اور وطن عزیز کی سلامتی اور استحکام کی دعاو¿ں سے ہوا۔ پاک بحریہ کے جہازوں اور یونٹس کی جانب سے روایتی پرچم کشائی کی تقریبات اور چراغاں کا اہتمام کیا گیا۔ اس کے علاوہ ساحلی علاقوں میں بحریہ کالج اورماڑہ کے طلباءکی جانب سے پاکستان زندہ باد ریلی اور مسلح افواج کی جانب سے گوادر میں ہتھیاروں اور آلات کی نمائش کا انعقاد کیا گیا جس میں مقامی لوگوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ یوم پاکستان برصغیر کے مسلمانوں کے عزم و ہمت کی نشاندہی اور ان کے عزم اور عظمت کو یاد کرنے کیلئے منایاجاتا ہے جس سےتاریخ کو بدلنے کیلئے متحد ہوکر تمام مشکلات کا مقابلہ کرنے کا سبق ملتا ہے۔ حکومت پاکستان کی ہدایات کے مطابق، پاک بحریہ مضبوط، مربوط اور متحد قومی کوششوں کے ذریعے شام اور ترکیہ کے عوام کو مسلسل مدد فراہم کرنے کیلئے اپنے غیر متزلزل عزم کا مظاہرہ کرتی ہے۔


















