عمران خان کی چھپ کر ہائیکورٹ میں پیشی،دہشتگردی کیسز میں حفاظتی ضمانت منظور

لاہور(کورٹ رپورٹر)عمران خان کی چھپ کر ہائیکورٹ میں پیشی،دہشتگردی کیسز میں حفاظتی ضمانت منظور،تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان کی زمان پارک گھر پر پولیس آپریشن کےخلاف توہین عدالت درخواست پر سماعت ہوئی۔
عمران خان نے درخواست میں موقف اختیار کیا پولیس نے چادر و چاردیواری کا تقدس پامال کیا، توڑ پھوڑ کی،املاک کو نقصان پہنچایا، 18 مارچ کو زمان پارک آپریشن قانون کے منافی کیا، بنیادی حقوق اور لاہور ہائیکورٹ کے 17 مارچ کے احکامات کی خلاف ورزی کی گئی ، عدالت متعلقہ فریقین کےخلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے۔

عمران خان نے روسٹرم پر آکر کہا میرے گھر کے شیشے توڑ ے گئے، بیوی گھر میں تھی وہ پردے دار خاتون ہیں ،چیخوں کی آواز کیمرے میں موجود ہیں، چار دیواری کا تقدس پامال ہوا، میرے 5گارڈز پکڑ کر لے گئے اور تشدد کیا، چھپ کر عدالت پہنچا ہوں، اس گاڑی میں آیا ہوں جس کو کوئی نہیں جانتا، بغیر کسی قافلے کے آیا ہوں، اسلام آباد ٹول پر پہنچا تو نے میرے گھر پر حملہ کردیا، جگہ جگہ رکاوٹیں لگا کر مجھے روکا گیا تاکہ عدالت نہ پہنچ سکوں، حکومت نے دنیا کو کیا پیغام دیا، قانون کی حکمرانی نہیں ہے یہی پیغام دیا۔


جسٹس طارق سلیم شیخ نے ریمارکس دئیے میڈیا پر بیٹھ کر جو عدلیہ کو مذاق بنانے والوں کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کروں گا اگر تمام فریقین نے عدلیہ کی عزت نہ کی تو پھر توہین عدالت کارروائی ہوگی، صرف قانون کی بات کرتے ہیں۔

عدالت نے سرکاری وکیل کو زمان پارک آپریشن پر ہدایات لیکر پیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے آئی جی پنجاب سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کرلیا۔

علاوہ ازیںعمران خان جسٹس طارق کی عدالت سے دوسری عدالت جسٹس شہباز رضوی کے سامنے حفاظتی ضمانت کیلئے پیش ہوئے،ہائیکورٹ نے عمران خان کی دہشتگردی کے 2مقدمات میں 27 مارچ تک حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔