میرٹ پر جائیں تو ٹیریان2منٹ کاکیس ہے،اسلام آباد ہائیکورٹ


اسلام آباد(بیورورپورٹ)چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامرفاروق نے ریمارکس دئیے ہیں اگر میرٹ پر جائیں تو ٹیریان 2 منٹ کا کیس ہے،تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامرفاروق کی سربراہی میں لارجر بنچ نے کیس پر سماعت کی،عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہادرخواست کے قابل سماعت ہونے کا سوال ہے، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا ابھی نہیں کہہ رہے آپ میرٹ پر دلائل دیں اگر میرٹ پر جائیں تو 2منٹ کا کیس ہے ویسے،وکیل درخواست گزار نے کہا جب عدالت نے نوٹس جاری کردیا تو عمران خان کو میرٹ پر جواب جمع کرانا چاہیے تھا،عمران خان نے کیس قابل سماعت ہونے سمیت 5 اعتراضات اٹھائے، عمران خان نے اعتراض اٹھایا وہ اب ممبرقومی اسمبلی نہیں ، کوئی شک نہیں عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں نااہل کیا جاچکا، عمران خان نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کر رکھا ہے، عدالت نے حلقے پر دوبارہ الیکشن کرانے سے روک رکھا ہے،چیف جسٹس عامرفاروق نے کہاعمران خان اب نشست سے تو ایم این اے نہیں ، الیکشن کے بعد اگر حلف نہ لیا جائے تو پھر سٹیٹس کیا ہوگا؟ کیا پارٹی سربراہ پبلک آفس ہولڈر ہوتا ہے؟ مطمئن کریں، دونوں سوالات اہم ہیں،دلائل دیں، ایک تو الیکشن ٹریبونل میں کرپشن وکرپٹ پریکٹسز کی درخواست دی جاسکتی ہے، الیکشن ٹریبونل میں تو کوئی درخواست دائرنہیں کی گئی، اب کیا عمران خان حلف لیے بغیربھی پبلک آفس ہولڈر ہیں؟،چیف جسٹس عامرفاروق نے کہا پہلے کیس کے قابل سماعت ہونے کو دیکھیں گے،کیس قابل سماعت ہوا تو ہی آگے چلیں گے،چیف جسٹس نے کہااگر غلط بیان حلفی دیا گیا تو آپ توہین عدالت کی درخواست دائر کر دیں، اگر آئندہ الیکشن میں عمران خان وہی بیان حلفی دیتے ہیں توفریش کیس نہیں ہوگا،وکیل درخواست گزار نے کہاعمران خان سے متعلق تو امریکی عدالت کا فیصلہ موجود ہے، عمران خان نے امریکی عدالت میں بیان حلفی جمع کرایا،چیف جسٹس نے کہاوہ بیان حلفی نہیں ڈکلیئریشن ہے جس پر اوتھ کمشنرنے پاکستان میں دستخط کیے،وکیل درخواست گزار نے کہاعمران خان نے بطور والد بیٹی کی سرپرستی حوالے کرنے کا ڈکلیئریشن دیا،جسٹس محسن اختر کیانی نے کہاڈکلیئریشن میں والد کا لفظ تو کہیں موجود ہی نہیں ایسا ہوسکتا ہے نا کہ کسی شخص کو بہت بعد میں پتہ چلے کہ اس کا ایک بچہ بھی ہے؟ ہوسکتا ہے نا کہ وہ کافی عرصہ کسی اوراحساس میں رہا ہو؟ کیا اس بنیاد پر کوئی شخص نااہل ہو سکتا ہے؟ کیس کی مزید سماعت آج تک ملتوی کر دی گئی۔