لاہور ( خبر نگار) محکمہ بلدیات پنجاب کی جانب سے جنرل ٹرانسفر پوسٹنگ کے سرکاری احکامات کو نہ مانتے ہوئے میٹروپولیٹن کارپوریشن پر قابض افسروں کے لبادے میںنوسر بازوں نے عدالتی حکم امتناعی حاصل کرلئے، ٹرانسفر کی صورت میں سرکاری خزانے اور عام عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے والے نوسربازوں کو ماہانہ کروڑوں روپے ڈوبتے نظر آتے دکھائی دینے کے بعد صرف میٹروپولیٹن کارپوریشن کے پانچ سے زائد افسروں نے محکمے کےخلاف عدالت سے رجوع کرلیا ہے۔ ذرائع سے معلوم ہواہے کہ محکمے کے خلاف عدالتی آڑ لینے والے ان افسروں میں میٹروپولیٹن آفیسر پلاننگ امین مغل نامی ایک افسر ایسا بھی شامل ہے جو کم و بیش عرصہ 16 سال سے سٹے آرڈر کے چکر میںمحکمے کو بے وقوف بنا رہا ہے، ہر بار ٹرانسفر رکوانے کےلئے عدالتی رکاوٹ کھڑی کر لیتا ہے، اور ہر بار محکمے کے کمزور اور نالائق افسر اس رکاوٹ کے سامنے اپنا راستہ بدلنے پر مجبور دکھائی دیتے نظر آئے ہیں۔ ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ افسر نے محکمہ بلدیات کے خلاف مختلف نوعیت کے آدھ درجن سے زائد کیس کر رکھے ہیں، بلیک میلنگ، بدتمیزی اور سینہ زوری کے بل بوتے پر محکمانہ اسٹیبلشمنٹ سمیت مجاز افسروں کو ہراساں کیا جانا مذکورہ افسر کی وجہ شہرت بتائی گئی ہے۔ تاہم اس حوالے سے سرکاری حلقوں کا کہنا ہے کہ عدالت کی آڑ لیکر سرکاری محکمے کی ایسے ہی بے توقیری کی جاتی رہی تو صرف امین مغل ہی نہیں بلکہ اس جیسے لاتعداد افسر جنم لے لیں گے، پھر نوسر بازوں اور چوروں ڈکیتوں کا راج ختم کرنا پنجاب حکومت کےلئے بھی کسی بڑے چیلنج سے کم نہیں ثابت نہیں ہو گا۔ یاد رہے کہ ایڈمنسٹریٹرو بلدیہ عظمیٰ لاہور محمد علی رندھاوا نے بڑے پیمانے کی مالی و انتظامی بدحالی کے محرکات جاننے کےلئے پہلی بار تمام پہلوﺅں پر مبنی ادارے کا پانچ سالہ کڑا آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے مگر کچھ افسر ٹرانسفر کے حکم کو ماننے سے انکاری ہیں اور اپنی سیٹوں پر براجمان رہنے کےلئے محکمے کی اینٹ سے اینٹ بجانے کےلئے میدان عمل میں اتر آئے ہیںاسکی کچھ تو وجہ ہو گی، کچھ تو ایسا انہوں نے کیا ہوا ہے جس کے بارے میں وہ جانتے ہیں کہ اگر ہم یہاں سے ٹرانسفر ہو گئے تو کرپشن اور لاقانونیت کے ایسے پلندے کھلیں گے کہ نوکری تو جائےگی ہی لیکن کہیں منہ دکھانے کے قابل بھی نہیں رہیں گے۔ البتہ چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری بلدیات کو اس صورتحال کا ادراک کرتے ہوئے اپنی رٹ قائم کرنی چاہیے اور ٹرانسفر کے احکامات سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹنا چاہیے۔
محکمہ بلدیات، خودسر افسران کی نوسربازیاں، عدالتوں سے حکم امتناعی حاصل کرلئے


















