زمان پارک میں آپریشن کلین اپ،درجنوں کارکن گرفتار

لاہور( کرائم رپورٹر)زمان پارک میں آپریشن کلین اپ،درجنوں کارکن گرفتار،تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے اسلام آباد روانہ ہونے کے بعد پولیس اور اینٹی انکروچمنٹ سکواڈ نے زمان پارک میں آپریشن کیا ،زمان پارک میں لگے کارکنوںکے کیمپوں میں موجود کارکنوں کی جانب سے مزاحمت و پتھراﺅ کیا گیا ،پولیس نے واٹر کینن کے استعمال کے بعد لاٹھی چارج کر کے متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔

اینٹی انکروچمنٹ سکواڈ نے کرینوںکی مدد سے زمان پارک کے باہر لگے کیمپوںو دیگررکاوٹوں کو اکھاڑ دیا ،عمران خان کی رہائشگاہ کے باہر حفاظت کےلئے قائم برجیاں بھی توڑ دی گئیں ،پولیس عمران خان کی رہائشگاہ کے اندر بھی داخل ہوگئی اور مختلف مقامات کی تلاشی کے دوران 16رائفلوں سمیت کئی ممنوعہ اشیاءبرآمدہونے کا دعویٰ کردیا۔

پولیس حکام کے مطابق انسداد دہشتگردی عدالت کے انتظامی جج کی جانب سے سرچ وارنٹ ملنے کے بعد زمان پارک پہنچے ،گھر کے اندر داخل ہوتے ہوئے لیڈیز پولیس آگے تھی، عمران خان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ کے مطابق پولیس نے میرے شوہر کو بھی گرفتار کرلیا، پی ٹی آئی نے الزام عائد کیا پولیس کرین کی مدد سے مرکزی دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئی جبکہ گھر کے اندر توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔