مردم شماری پر آزاد کشمیر حکومت اور عوام کے تحفظات دور کرینگے: قمر زمان کائرہ
اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمرزمان کائرہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر میں جاری مردم شماری سے متعلق آزاد کشمیر کی حکومت اور عوام کے تحفظات کو دور کرنے کی بھرپور کوشش کرےگی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کی جانب سے قائم شدہ کمیٹی کے سربراہ وزیر قانون آزاد کشمیر فہیم ربانی، ایم ایل اے احمد رضا قادری، ایم ایل اے دیوان علی خان، ایم ایل اے فیصل راٹھور کے علاوہ وزارت خارجہ، داخلہ، ادارہ شماریات اور دیگر اعلی عہدیداران نے شرکت کی۔ اس موقع پر مشیر امور کشمیر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ آزاد کشمیر کا خطہ پاکستان کےلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور وزیر اعظم شہباز شریف کی واضح ہدایات ہیں کہ آزاد کشمیر کے تمام تر معاملات ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں ۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر میں جاری مردم شماری پر آزاد کشمیر حکومت اور عوام کے تحفظات کودور کرنے کی کوشش کرے گی اور اس ضمن میں ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ اس سے قبل آزاد کشمیر کے وزیر قانون فہیم ربانی اور کمیٹی کے دیگر ارکان نے آزاد کشمیر میں جاری مردم شماری میں شہریت، زبان اور سکونت کے حوالے سے اپنے تحفظات سے اجلاس کے شرکاءکو آگاہ کیا اور کہا کہ آزاد کشمیر میں جاری مردم شماری میں موجود ابہام اور تحفظات سے آزاد کشمیر کی سیاسی اور مالیاتی صورتحال پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔ اجلاس میں ادارہ شماریات کے چیف سٹیٹیشن نے اجلاس کے شرکاءکو آزاد کشمیر میں جاری مردم شماری کے متعلق تکنیکی اور انتظامی صورتحال اور مینڈیٹ سے آگاہ کیا۔ مشیر امور کشمیر نے اجلاس کے شرکاءکو ایک مرتبہ پھر یقین دلایا کہ انکی وزارت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مسائل کے حل کےلئے بھرپور کوشش کر رہی ہے اور یہ ان کے فرائض منصبی میں شامل ہے کہ وہ آزاد کشمیر کے مسائل کےلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں اور اس مسئلے کے حل کےلئے وہ تمام سٹیک ہولڈرز سے رابطہ کر کے اس مسئلے کا قابل قبول حل ممکن بنائیں گے۔


















