نیب بتائے اب تک کتنی ریکوری ہوئی اور پیسہ کہاں گیا؟،سپریم کورٹ

اسلام آباد(بیورورپورٹ) نیب سے ریکور کی گئی تمام رقوم کی تفصیلات طلب ،سپریم کورٹ نے ریمارکس دئیے بتایا جائے سرکاری اداروں، بینکوں اور عوام کو کتنا پیسہ واپس دیا؟،تفصیلات کے مطابق نیب ترامیم کیخلاف عمران خان کی درخواست پر چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے بنچ نے سماعت کی۔

عدالت نے نیب سے ریکور کی گئی تمام رقم کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہا بتایا جائے اب تک کتنی ریکوری ہوئی اور پیسہ کہاں گیا؟کس صوبے و وفاقی حکومت کو کتنا پیسہ جمع کرایا تفصیلات دی جائیں، عدالت نے سرکاری اداروں، بینکوں اور عوام کو واپس کیے گئے پیسے کی تفصیلات بھی فراہم کرنے کا حکم دیدیا۔

نیب پراسیکیوٹر نے کہا حکومت یا ادارے کی خورد برد کردہ رقم ریکوری کے بعد ہی دی جاتی ہے ،چیف جسٹس نے کہا تمام تفصیلات آئندہ سماعت تک جمع کرائیں پھر جائزہ لیں گے،چیف جسٹس نے کہا نیب ترامیم سے اب بے نامی و آمدن سے زائد اثاثے ثابت کرنا نیب کی ذمہ داری ہے، نیب ترامیم کے مطابق بے نامی کی مالی ادائیگی کا ثبوت بھی نیب نے دینا ہے،جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا بے نامی جائیدادیں بنانیوالے کی مالی ادائیگی کا ریکارڈ ثابت کرنے کیلئے ہی کیس بنایا جاتا ہے۔

نیب قانون کے مطابق بے نامی دار میں صرف خاوند یا اہلیہ، رشتے دار یا ملازم ہو سکتے ہیں، نیب ترامیم نے قانون کا دائرہ بڑھانے کی بجائے محدود کر دیا ، پراسیکیوشن کسی صورت بے نامی پراپرٹیز کو ثابت نہیں کر سکتی جب تک متاثرہ فریق ثبوت نہ دے،بعدازاں عدالت عظمیٰ نے کیس کی سماعت 4 اپریل تک ملتوی کر دی ۔