لاہو ر(خبر نگار،کرائم رپورٹر)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے 8 مارچ کو پی ٹی آئی ورکر کا جاں بحق ہونا میرے لئے صدمہ تھا،کسی کا جاں بحق ہونا چھوٹی بات نہیں، فوری طور پر بیٹھے، موت پولیس تشدد نہیں حادثے میں ہوئی ،اطلاع ملنے پر آئی جی ، سی سی پی او اور پولیس ٹیم نے فوری کام شروع کیا، یاسمین راشد کو رات ساڑھے 8بجے پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کے نائب صدر راجہ شکیل نے اطلاع دی حادثہ ہوا ہے،یاسمین راشد نے راجہ شکیل کو کہا آپ میرے ساتھ زمان پارک چلیں۔
ڈرائیور کو گاڑی میں چھوڑ کر راجہ شکیل یاسمین راشد کےساتھ زمان پارک گئے،وہاں سازش رچائی گئی، یاسمین راشد زمان پارک کے اندر گئیں اور باہر آ کر راجہ شکیل کو کہا بے فکر ہو جائیں، آپ جائیں اور آرام کریں، واقعہ کے بعد لوگ روپوش ہوگئے ، گاڑی کے ڈرائیور نے اپنی داڑھی صاف کرالی تھی،راجہ شکیل زبیر نیازی سے بھی رابطہ کرتے ہیں، لیڈر کو بتایا گیا حادثہ ہوالیکن پھر بھی یاسمین راشد و دیگر لوگوں نے زیادتی کی،جاں بحق نوجوان کے والد کو کہا گیا آپ کھڑے رہیں۔
ایک طرف اسلام کی بات کرتے ہیں دوسری طرف جھوٹ بولتے ہیں اور جھوٹا الزام لگاتے ہیں،اسلام میں جھوٹ بولنے و جھوٹا الزام لگانے کی بڑی سزا ہے،جھوٹا الزام نہ لگائیں ،لوگوں کو گمراہ نہ کریں،ہلاکت میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی ہوگی،ان خیالات کااظہار انہوں نے ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا،وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا 8 مارچ کو عورت مارچ کی اجازت لاہور ہائی کورٹ نے دی، تھریٹ الرٹ کا لیول بہت زیادہ ہے اس لئے دفعہ 144 نافذ کی گئی،اگر آپ نے ریلی نکالنی تھی تو ایک روز پہلے یا بعد میں نکال لیتے پولیس کو جس انداز سے دھمکیاں دی گئیں وہ قابل افسوس ہے،غلط بات بھی کی جاتی ہے اور جھوٹ بھی بولا جاتا ہے،عمران خان سیاست میں جو مرضی کریں لیکن جھوٹ نہ بولیں۔
میرا سیاست سے کوئی لینا دینا نہیںجب میری وزارت اعلیٰ کیلئے نامزدگی ہوئی تب بھی سیاست کی گئی، سازش کے بعد اب قتل کا الزام لگا دیا گیاہماری بھی فیملی اور رشتے دار ہیںاگر عہدے پر نہ ہوتا تو کسی اور طرح جواب دیتا،اپنا ذاتی معاملہ اللہ پر چھوڑتا ہوں ،اللہ انصاف کرنے والا ہے،وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا اندھا کیس تھا جسے محنت و پیشہ وارانداز میں ٹریس کیا گیا ،ایس ایس پی عمران او رٹیم کی کارکردگی کی تعریف کرتا ہوں،بہت حساس وقت ہے، 30 اپریل کو الیکشن ہونے ہیں اور آپ ماحول خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
گالم گلوچ و دھمکیوں کی وجہ سے کسی دباو میں نہیں آﺅں گا،جھوٹے الزامات لگا کر مجھے دباو میں نہیں لایا جاسکتا،میں ایسے پریشر میں نہیں آﺅں گا، کوئی بات ہے تو سامنے آ کر کہیں،دھمکیوں و ٹوئٹ سے سرنڈر نہیں کروں گا،انہوں نے کہا عمران خان سیاست ضرور کریں لیکن جھوٹ نکال دیں،یاسمین راشد کو پتہ تھا حادثہ ہے، انہو ںنے عمران خان کو بھی بتایا پھر بھی پریس کانفرنس کی گئی اور بے بنیاد الزام لگایا گیا، کہا گیا محسن نقوی کو نہیں چھوڑنا یہ قابو آیا ہے،جاں بحق نوجوان کے بزرگ والد کےساتھ بھی زیادتی کی گئی،متوفی کے والد کو کہا گیا کروڑ روپے دیں گے ، آپ نے کھڑے رہنا ہے،آئی جی کو تمام ثبوت مظلوم والد کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
پنجاب حکومت متوفی کے اہل خانہ کی پالیسی کے مطابق مالی امداد کرے گی جو آپ کے ہاتھ میں آتا ہے اسے رگڑ دیتے ہیں، جھوٹ بھی بولتے ہیںجس طریقے سے میسج کئے گئے وہ بہت زیادتی ہے،گالی دینا آپ کا ظرف ہے اگر منصب پر نہ ہوتا تو کسی اور طرح سے جواب دیتا،وزیراعلیٰ نے مزید کہازمان پارک کے لوگ ٹریفک کے باعث مشکل میں ہیں، کالیں آ رہی ہیں کچھ کریں۔
آئی جی ڈاکٹر عثمان انور نے پریس کانفرنس کے دوران کہا جاں بحق نوجوان کے والد لیاقت علی نے ویڈیو پیغام کے ذریعے انصاف کی اپیل کی، جاں بحق نوجوان کو 8 مارچ کو 6 بج کر 52 منٹ پر ویگو ڈالے میں سروسز ہسپتال لایا گیا،ہلاکت کی وجہ کا تعین کرنے کیلئے پولیس ٹیم نے دن رات کام کیا،کیمروں کی مدد سے ویگو ڈالے کا سراغ لگایا گیا،ویگو ڈالے میں جاں بحق نوجوان کا خون بھی موجود تھا جس کا فرانزک کرایا گیا،حادثہ تھا، پولیس تشدد کی وجہ سے ہلاکت نہیں ہوئی۔
سوشل میڈیا پر وزیراعلیٰ ،پولیس کےخلاف بے بنیاد پروپیگنڈا کیا گیا،جاں بحق نوجوان کے والد لیاقت علی کو تمام تفتیش سے آگاہ کریں گے اور ثبوت پیش کریں گے،میرے پاس تمام سی ڈی آرز موجود ہیں،ڈرائیور جہانزیب اور عمر ویگو ڈالے میں جاں بحق نوجوان کو لے کر سروسز ہسپتال لے کر آئے،گاڑی کے مالک پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کے نائب صدر راجہ شکیل ہیں،مہم چلائی گئی ہلاکت کو پولیس ،سسٹم کو داغدار کرنے کیلئے استعمال کیا جائے،کس کی کب سیاسی لیڈر سے بات ہوئی، ہر چیز موجود ہے، قانونی عمل مکمل ہوگا۔
آئی جی نے مزید کہاوزیراعلیٰ کےخلاف جعلی ایف آئی آر درج کرنے کی درخواستیں سوشل میڈیا پر شیئر کی گئیں،پولیس کی کمانڈ کو گالیاں دی گئیں،وزیراعلیٰ نے انتہائی تحمل و بردباری کا مظاہرہ کیا، تفتیشی ٹیم نے جانفشانی سے اپنا کام مکمل کیا، فیصلہ عدالت میں ہوگا اور تمام تقاضے پورے کئے جائیں گے،انٹیلی جنس افسر اور ایس پی کی جعلی آڈیو بھی وائرل کی گئی،پولیس پر پتھراﺅ کیا گیا، قانون کے مطابق کارروائی ہوگی جہاں پولیس نے زیادتی کی ہے وہاں بھی قانونی ایکشن لیں گے۔
سوشل میڈیا پر مذموم عزائم کیلئے غلط و بے بنیاد پروپیگنڈا کرنےوالوں کےخلاف کارروائی ہوگی،جاں بحق نوجوان کے خاندان کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا،جب سے وردی پہنی ہے قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کا عزم کر رکھا ہے جب آپ لوگ پولیس کو برا بھلا کہہ رہے تھے تب ہم پولیس شہداءکی دلجوئی کر رہے تھے۔
پریس کانفرنس کے دوران ڈرائیور جہانزیب اور عمر کے اعترافی بیان پر مبنی ویڈیو ز بھی دکھائی گئیں، صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم، صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، سی سی پی او لاہور، سیکرٹری اطلاعات و متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔
کارکن کی موت تشدد نہیں،حادثے میں ہوئی،محسن نقوی


















