آئندہ سال کا پلان پیش نہ کیا گیا تو پنجاب میں PSLنہ کرانے کا حکم جاری کرینگے،لاہور ہائیکورٹ

لاہور ( کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے ریمارکس دئیے ہیں آئندہ سال کا پلان پیش نہ کیا گیا تو پنجاب میں پی ایس ایل نہ کرانے کا حکم جاری کر یں گے،تفصیلات کے مطابق جسٹس شاہد کریم نے پنجاب میں سموگ کے تدارک کیلئے دائر درخواستوں پر سماعت کی، عدالت نے گرین بیلٹس پر بیریئرز کو ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سال پی ایس ایل کا پلان طلب کر لیا،جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے عدالت پی سی بی کو 2 سال سے کہہ رہی ہے آئندہ سال کا پلان شیئر کرے اگر ایسے چلتا رہا تو پنجاب میں آئندہ پی ایس ایل نہ کرانے کا حکم جاری کر دیں گے،2سال کے آرڈر دیکھ لیں پی سی بی کورٹ کے حکم کو نہیں مان رہا، سٹیڈیم کے گرد کھلاڑیوں کیلئے ہوٹل تعمیر کرنے کی تجویز کے بعد سے پی سی بی غائب ہے،پی سی بی کے چیف آپریٹنگ افسرنے یقین دہانی کرائی عدالت کے حکم پر عمل درآمد کیا جائیگا،عدالت نے کہا ٹریفک کا رول سب سے اہم ہے، ٹریفک کے رش کو کم کرنے کیلئے پلان بنائیں، اصل مسئلہ تجاوزات ہیں، تجاوزات ہٹا دیں تو سڑک کھل جائے گی،عدالت نے ایل ڈی اے اور سی ٹی او لاہور سے تجاوزات کے خاتمے پر رپورٹ 14مارچ کو طلب کر لی۔