کراچی، اسلام آباد (بیورو رپورٹ) ڈالر بے قابو، 19 روپے مہنگا، 285 سے متجاوز، سونے کی بھی اونچی اُڑان، 9400 روپے تولہ مہنگا، شرح سود میں 3 فیصد اضافہ کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈالر روپے کو روندتے ہوئے تاریخ کی بلند ترین سطح پر جاپہنچا، ایک ہی دن میں امریکی کرنسی کی قیمت میں دوسرا تاریخی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، انٹربینک میں ڈالر 18 روپے 98 پیسے اضافے کے بعد 285 روپے 9 پیسے پر بند ہوا، اوپن مارکیٹ میں بھی امریکی کرنسی کی قیمت میں 14 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر 288 پر پہنچ گیا، انٹربینک میں ڈالر کی قیمت بڑھنے سے قرضے 1800 ارب بڑھ گئے۔ ادھر سونے نے بھی اُڑان پکڑ لی، 9400 تولہ مہنگا ہونے کے بعد قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 2 لاکھ 6500 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر آگئی۔ دوسری جانب سٹیٹ بینک نے شرح سود میں 3 فیصد اضافہ کردیا۔ اضافے کے بعد شرح سود تاریخ کی بلند ترین سطح 20 فیصد پر جا پہنچی۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری مانیٹری پالیسی بیان میں کہا گیا 3 فیصد بڑھنے سے شرح سود 20 فیصد ہوگی، اقتصادی پالیسیوں، بیرونی حالات نے قلیل مدتی مہنگائی کا منظر نامہ بگاڑا، آئندہ چند ماہ کے دوران مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا، رواں مالی سال مہنگائی کی شرح 27 سے 29 فیصد رہے گی، نومبر پالیسی اجلاس میں مہنگائی کی شرح 21 سے 23 فیصد رہنے کی توقعات تھیں۔ مہنگائی کی توقعات گھٹانے کیلئے شرح سود میں بڑا اضافہ ضروری تھا، مانیٹری پالیسی بیان میں مزید کہا گیا کرنٹ اکاو¿نٹ خسارہ دوتہائی کم کرکے بھی بے یقینی کی صورتحال برقرار ہے، آئی ایم ایف پروگرام کے نویں جائزے سے قلیل مدت میں تشویش کم ہوگی، جی ایس ٹی و ایکسائز ڈیوٹی میں اضافے، سبسڈیز میں کمی، توانائی ذرائع کی قیمتوں میں ردوبدل اور کفایت شعاری مہم جیسے اقدامات سے بڑھتے مالیاتی و بنیادی خسارے میں کمی میں مدد ملے گی، معاشی استحکام کےلئے مالیاتی استحکام ضروری ہے، طے شدہ وقت پر قرضوں کی ادائیگی، بڑھتی عالمی شرح سود اور ملک میں غیر یقینی صورتحال کے باعث زرمبادلہ ذخائر و شرح مبادلہ پر دباو¿ ہے، کمیٹی کا خیال ہے مالیاتی استحکام کو خطرات لاحق ہیں،سخت مانیٹری پالیسی سے افراط زر کو روکنے و مالی سال 2025ءکے آخر تک افراط زر کو 5 سے 7 فیصد کے درمیان لانے کے ہدف تک رسائی میں مدد ملے گی، مانیٹری پالیسی کمیٹی کا اگلا اجلاس 4 اپریل 2023ءکو ہوگا۔
ڈالر بے قابو، 19 روپے مہنگا،شرح سود میں 3فیصد اضافہ


















