کمشنر لاہور کا ٹاﺅن ہال کا ہنگامی دورہ، انتظامی معاملات میں سست روی، شکایات پر شدید برہمی کا اظہار

لاہور ( نوید چودھری) بلدیہ عظمیٰ کے سربراہ کمشنر لاہور ڈویژن نے انتظامی معاملات میں سست روی اور کرپشن کی متعدد شکایات کے پیش نظر ٹاﺅن ہال کا ہنگامی دورہ کیا۔ کمشنر لاہور ڈویژن محمد علی رندھاوا نے خصوصی طور پر ای خدمت مرکز کا دورہ کیا اور نقشہ جات کی فائلوں پر بےجا اعتراضات اور غیر معمولی تاخیر کے ذریعے سائلین کو پریشان کئے جانے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ کمشنر لاہور نے میٹروپولیٹن آفیسر پلاننگ امین مغل کے کام کرنے کے طریقہ کا ر سے نہ صرف عدم اطمینان کا اظہار کیا بلکہ سخت سرزنش بھی کی۔ ذرائع سے یہ بھی معلوم ہو اہے کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے دیگر افسروں نے میٹروپولیٹن آفیسر پلاننگ پر چڑھائی ہوتی دیکھ کر کمشنر لاہور کی توجہ ہٹانے کےلئے مداخلت کی بھرپور کوشش کی جس پر کمشنر لاہور نے افسروں کو بھی مبینہ طور پر جھاڑ پلا دی۔ کمشنر لاہور ڈویژن محمد علی رندھاوا نے سابقہ کمشنرز کی طرح میٹروپولیٹن کارپوریشن کے معاملات سے لاتعلقی کے تاثر کو ختم کرنے کےلئے ٹاﺅن ہال میں جارحانہ انٹری کا آغاز کیا ہے اور پہلی دفعہ ٹاﺅن پلاننگ ونگ کا 5 سال کا سپیشل آڈٹ کرانے کا حکم دیا ہے۔ یہاں یہ بات اہم اور قابل ذکر ہے کہ اگر یہ آڈٹ کمشنر لاہور ڈویژن محمد علی رندھاوا اپنی نگرانی میں کرائیں تو ریکارڈ ٹیمپر کرنے ، جعلی دستاویزات اور رہائشی نقشوں پر کمرشل پلازوں کے ذریعے اربوں روپے کی کرپشن کے انمٹ ثبوت ملیں گے۔