پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 90 روز میں انتخابات کرانے کا حکم

اسلام آباد (بیورورپورٹ)سپریم کورٹ نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 90 روز میں انتخابات کرانے کا حکم دےدیا۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن ازخود نوٹس کیس میں دونوں صوبوں میں انتخابات 90 دنوں میں کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا آئین میں انتخابات کےلئے 60 اور 90 دن کا وقت دیا گیا ہے، اسمبلی کی تحلیل کے بعد 90 روز میں انتخابات ہونا لازم ہیں، پنجاب اسمبلی گورنرکے دستخط نہ ہونے پر 48 گھنٹے میں خود تحلیل ہوئی جبکہ کے پی اسمبلی گورنر کی منظوری پر تحلیل ہوئی۔
الیکشن کمیشن فوری طور پر صدر کو انتخابات کی تاریخ تجویز کرے جبکہ سپریم کورٹ نے فیصلہ 2 کے مقابلے میں 3 کی اکثریت سے دیا، بینچ کی اکثریت نے درخواست گزاروں کو ریلیف دیا ہے۔ جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس جمال مندوخیل نے فیصلے سے اختلاف کیا۔ بدھ کو سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں پنجاب اور کے پی میں انتخابات 90 دنوں میں کرانےکا حکم دیا، سپریم کورٹ نے فیصلہ 2 کے مقابلے میں 3 کی اکثریت سے دیا، بنچ کی اکثریت نے درخواست گزاروں کو ریلیف دیا ۔
فیصلے میں 5 رکنی بینچ کے 2 ممبران نے درخواستوں کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض کیا۔ جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس جمال مندوخیل نے فیصلے سے اختلاف کیا۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ جنرل انتخابات کا طریقہ کار مختلف ہوتا ہے، آئین میں انتخابات کےلئے 60 اور 90 دن کا وقت دیا گیا ہے، اسمبلی کی تحلیل کے بعد 90 روز میں انتخابات ہونا لازم ہیں، پنجاب اسمبلی گورنرکے دستخط نہ ہونے پر 48 گھنٹے میں خود تحلیل ہوئی جبکہ کے پی اسمبلی گورنر کی منظوری پر تحلیل ہوئی۔
فیصلے میں کہا گیا کہ گورنرکو آئین کے تحت تین صورتوں میں اختیارات دئیے گئے، گورنر آرٹیکل 112 کے تحت، دوسرا وزیراعلیٰ کی ایڈوائس پر اسمبلی تحلیل کرتے ہیں، آئین کا آرٹیکل 222 کہتا ہے کہ انتخابات وفاق کا سبجیکٹ ہے، الیکشن ایکٹ گورنر اور صدر کو انتخابات کی تاریخ کی اعلان کا اختیار دیتا ہے، اگر اسمبلی گورنر نے تحلیل کی تو تاریخ کا اعلان بھی گورنرکرےگا، اگر گورنر اسمبلی تحلیل نہیں کرتا تو صدر مملکت سیکشن 57 کے تحت اسمبلی تحلیل کریں گے۔
سپریم کورٹ نے کہا کہ صدر مملکت کو انتخابات کی تاریخ کے اعلان کا اختیار حاصل ہے، انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے کی آئینی ذمہ داری گورنر کی ہے۔ گورنر کے پی نے انتخابات کی تاریخ کا اعلان نہ کرکے آئینی ذمہ داری سے انحراف کیا، الیکشن کمیشن فوری طور پر صدر مملکت کو انتخابات کی تاریخ تجویز کرے، الیکشن کمیشن سے مشاورت کے بعد صدر پنجاب میں انتخابات کی تاریخ کا اعلان کریں۔ گورنر کے پی صوبائی اسمبلی میں انتخابات کی تاریخ کا اعلان کریں، ہر صوبے میں انتخابات آئینی مدت کے اندر ہونے چاہئیں۔ عدالت عظمیٰ نے کہا کہ الیکشن کمیشن صدر اورگورنر سے مشاورت کا پابند ہے، 9 اپریل کو انتخابات ممکن نہیں تو مشاورت کے بعد پنجاب میں تاریخ بدلی جاسکتی ہے۔
سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ تمام وفاقی اور صوبائی ادارے انتخابات کےلئے الیکشن کمیشن کی معاونت کریں، وفاق الیکشن کمیشن کو انتخابات کےلئے تمام سہولیات فراہم کرے، عدالت انتخابات سے متعلق یہ درخواستیں قابل سماعت قرار دے کر نمٹاتی ہے۔ چیف جسٹس نے جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس جمال مندوخیل کے اختلافی نوٹ بھی پڑھ کر سنائے،جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس جمال مندوخیل نے اختلافی نوٹ میں کہا کہ آرٹیکل 184/3کے تحت کیس قابل سماعت نہیں، عدالت کو اپنا 184/3کا اختیار ایسے معاملات میں استعمال نہیں کرنا چاہیے۔
انتخابات پر لاہور ہائیکورٹ فیصلہ دے چکی، سپریم کورٹ ہائیکورٹ میں زیر التوا ءمعاملے پر ازخود نوٹس نہیں لے سکتی، پشاور اور لاہور ہائیکورٹ نے 3 دن میں انتخابات کی درخواستیں نمٹائیں، جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس اطہرمن اللہ کے نوٹس سے اتفاق کرتے ہیں، انتخابات پر ازخود نوٹس کی درخواستیں مسترد کرتے ہیں، معاملے پر ازخود نوٹس بھی نہیں بنتا تھا،اختلافی نوٹ میں جج صاحبان نے کہا ازخود نوٹس منظور الٰہی اور بینظیربھٹو کیسز میں طے اصولوں کےخلاف ہے، معاملہ آرٹیکل 184/3 کے اختیار کے استعمال کا فٹ کیس نہیں۔
چیف جسٹس کا ازخود نوٹس قابل سماعت نہیں ، یہی آئینی معاملات پہلے ہی ہائیکورٹس میں زیرسماعت اور زیرالتوا ہیں، آرٹیکل 184 کے اختیار کو استعمال کرنے کا کوئی جواز موجود نہیں،لاہور ہائیکورٹ کا سنگل بنچ پہلے ہی پٹیشنر کے حق میں فیصلہ دے چکا ، لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بنچ کے فیصلے کےخلاف انٹرا کورٹ اپیل ڈویژن بنچ میں زیر التوا ہے، صوبائی ہائیکورٹس کی آئینی حدود میں ازخود مداخلت نہیں کی جاسکتی، ہائی کورٹس کی آئینی حدود میں مداخلت آئین کے بنیادی ڈھانچے کےخلاف ہے۔
ہائی کورٹس کی آئینی حدود میں مداخلت صوبائی آئینی عدالتوں کی آزادی کےخلاف ہے، آئینی صوبائی عدالتوں کو کمزور کرنے کی بجائے مضبوط کرنا چاہیے،ہائیکورٹس میں جاری معاملات کی کارروائی میں کوئی تاخیر نہیں، سپریم کورٹ کی حالیہ کارروائی ہائی کورٹس میں جاری کارروائی میں رکاوٹ کا سبب بنی ، ہائی کورٹس کو آئینی معاملات پر 3دنوں میں فیصلے کا حکم دیتے ہیں، ایسے تمام معاملات کو حل کرنا پارلیمان کا اختیار ہے۔