سوشل میڈیا پر جھوٹی خبروں کی روک تھام کےلئے قانون بنانے کی ضرورت ہے :چیئرمین پیمرا
لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی(پیمرا ) کے چیئرمین سلیم بیگ نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر جھوٹی خبروں کی روک تھام کے لیے قانون بنانے کی ضرورت ہے، سوشل میڈیا پر جعلی خبریں تیزی کے ساتھ پھیلتی ہیں، امید ہے آنے والے دنوں میں اس کو ریگولیٹ کیا جائےگا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایکسپو سنٹر لاہور میں سالانہ بین الاقوامی کتاب میلے ” لاہور انٹرنیشنل بک فیئر “ کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ چیئرمین پیمرا سلیم بیگ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خوشی ہوئی لاہور میں کتاب میلہ ایک روایت بن گئی ہے،کتاب انسان کی زندگی کا حصہ ہے ،کتاب سے انسان کو شعور آتا ہے اس کو لازمی خریدنا پڑتا ہے،کتاب میلے میں 40 سے 50 فیصد ڈسکاﺅنٹ دیا گیا ،پنجاب حکومت اس طرح کے ایونٹ پر سٹالز مالکان پر اخراجات کا کم بوجھ ڈالے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا غیر ریگولر ہے اس پر جھوٹی خبروں کی روک تھام کیلئے قانون بنانے کی ضرورت ہے ،سوشل میڈیا پرفیک نیوز تیزی کے ساتھ پھیلتی ہیں امید ہے آنےوالے دنوں میں اسکو ریگولیٹ کیا جائےگا،پیمرا الیکٹرانک میڈیا اور کیبل آپریٹرز کو ریگولیٹ کر رہی ہے،جس تیزی سے ٹیکنالوجی میں اضافہ ہو رہا ہے اس کے مطابق قوانین بنانے ہونگے۔ قبل ازیں چیئرمین پیمرا سلیم بیگ نے لاہور ایکسپو سینٹر میں 36ویں سالانہ بین الاقوامی کتاب میلے ” لاہور انٹرنیشنل بک فیئر “ کا افتتاح کیا جو کہ 5مارچ تک جاری رہے گا ۔کتاب میلے میں تقریباً 165 مقامی اور غیر ملکی پبلشرز اور تعلیم سے متعلق تنظیموں نے سٹالز لگائے ہیں، جن میں اسلام، تاریخ،کمپیوٹر اور انجینئرنگ ، ادب قانون سمیت دیگر موضوعات کی کتابیں رکھی گئی ہیں ۔کتاب میلے میں مشرق وسطی، برطانیہ، امریکہ اور بھارت کے غیر ملکی پبلشرز شرکت کررہے ہیں ، یہ میلہ نہ صرف مصنفین، پبلشرز، اورعلم دوست افراد کو ایک جگہ اکٹھا کرتا ہے بلکہ نئی نسل میں پڑھنے لکھنے کے رجحان کو فروغ دینے میں مدد بھی کرتا ہے ۔کتابوں سے محبت اوردوستی رکھنے والے ہر عمر اور شعبے سے تعلق رکھنے والے لوگ بڑی تعداد میں ایکسپو سنٹر کا رخ کررہے ہیں ، میلے میں صرف کتابیں ہی نہیں بچوں اور بڑوں کیلئے تفریحی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے ۔


















