بگڑی شہزادی کے ججوں پر حملے شرمناک : عمران خان،تم سازشوں کے بادشاہ ہو:مریم نواز

اسلام آباد(بیورورپورٹ) پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ پی ڈی ایم اور مریم نواز کے سپریم کورٹ کے ججز پر حملے شرمناک ہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ پی ڈی ایم اور مریم نواز کی جانب سے سپریم کورٹ کے ججز پرشرمناک حملے باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان حملوں کا واحد مقصد انتخابات سے فرار ہے چاہے اس کے لیے آئین کی خلاف ورزی ہی کیوں نہ کرنا پڑے۔ پی ڈی ایم کے سپریم کورٹ کو نشانہ بنانے سے وفاق کو نقصان پہنچے گا، یہ چاہتے ہیں کہ پاکستان میں جنگل کا قانون نافذ ہوجائے،عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے رہنماﺅں نے ہمیں چیلنج کیا تھا کہ اگر الیکشن چاہتے ہو تو کے پی اور پنجاب اسمبلیاں توڑ کر دکھا، ان کو یہ پتا ہے کہ یہ الیکشن جیت نہیں سکتے اس لیے سپریم کورٹ کے ججز کو بدنام کررہے ہیں اور آئین کی خلاف ورزی پر تیار ہیں تاکہ الیکشن نہ کرائے جا سکیں، دوسری طرف مسلم لیگ (ن)کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے عمران خان سے کہا ہے کہ مرد بنو اور قانون کا سامنا کرو،عمران خان کے ٹویٹ کے جواب میں مریم نواز نے عمران خان کو سازشوں کا بادشاہ قرار دیا۔ آپ کی چیخیں غلط نہیں کیوںکہ آپ اپنے گاڈ فادر فیض اور ان کی باقیات کی مدد سے سازشوں کے بادشاہ ہیں،مریم نواز نے کہا کہ آپ فیض اور ان کی باقیات کی سازشوں پر پھلتے پھولتے اور زندہ رہتے ہیں، اب آپ دیکھیں گے کہ بگڑی ہوئی شہزادی آپ کو کیسے مات دیتی ہے، آپ جیسے پیادے غیر متعلقہ ہو جائیں گے،مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ چور ڈاکو کا بیانیہ اب پٹ چکا ہے، بلکہ تم اور تمہاری بیوی توشہ خانہ کیس میں چوری کرتے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہو،مریم نے مزید کہا کہ تم عدالتوں سے بچتے پھر رہے ہو اور التوا کی بھیک مانگ رہے ہو، جو تمہارے مجرم ہونے کا واضح ثبوت ہے، ٹانگ کا پلاسٹر اب تمہیں مزید نہیں بچائے گا، مرد بنو اور قانون کا سامنا کرو۔