منظوری کے باوجود ریلوے میں کیڈرز ملازمین کی ترقیوں میں تاخیر

لاہور (اپنے نمائندے سے) وزارت ریلوے سے منظوری کے باوجود متعدد شعبہ جات میں مختلف نوعیت کے کیڈرز ملازمین کی محکمانہ ترقی کا معاملہ تاخیر کا شکار ہوگیا جس کے باعث ملک بھر کی 8 ڈویژنز کے انتظامی امور کی انجام دہی میں رکاوٹ پیدا ہورہی ہے جبکہ دوسری طرف ملازمین ترقی کے منتظر ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلویز کی 8 ڈویژنز کے مختلف شعبہ جات میں انتظامی امور اور دیگر معاملات کی انجام دہی پر مامور مختلف کیڈرز کے ملازمین کی محکمانہ ترقی کی خاطر کیس کی منظوری وزارت ریلوے سے حاصل کرلی گئی ہے، اسکے بعد فائل سی پی او کے پاس عرصہ دراز سے موجود ہے اور کیس میں تاخیری حربے استعمال کئے جا رہے ہیں۔ سی پی او اور ڈپٹی سی پی او کی جانب سے ملازمین کو محکمانہ ترقی دینے کیلئے محکمانہ پروموشن کمیٹی کی میٹنگ کی تاریخ مقرر نہیں کی جا رہی جبکہ مبینہ طور پر سی پی او کی جانب سے اے پی او او ایس ہیڈکلرک کی پرموشن نہیں کی جا رہی۔ اس صورتحال کی وجہ سے ملک بھر کی ڈویژنز میں ہونے والے انتظامی امور اور دیگر نوعیت کے کام سست روی کا شکار ہیں کیونکہ مختلف برانچز میں کام کرنے والے اسسٹنٹ پرسانل آفیسرز، آفس سپرنٹنڈنٹ، ہیڈ کلرک ودیگر ملازمین چیف پرسانل آفیسر سفیان سرفراز ڈوگر اور ڈپٹی چیف پرسانل آفیسر کی جانب سے ڈی پی سی نہ کرنے کی وجہ سے ترقی کے انتظار میں بیٹھے ہوئے ہیں۔ اس تاخیر کی وجہ سے ملک بھر کی ڈویژنز میں پیدا ہونےوالے مسائل کی تمام تر ذمہ داری بھی سی پی او پر عائد ہوتی ہے۔